کرونا وائرس ،یوروکپ کے ملتوی ہونے کا خدشہ

   

لندن ۔4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) رواں سال منعقد شدنی سب سے بڑے فٹبال کے ٹورنمنٹ یوروکپ کے انعقاد میں اب محض 100دن باقی ہیں لیکن دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے اب اولمپکس مقابلوں کے ساتھ یوروکپ کا انعقاد بھی خطرے میں پڑگیا ہے۔ 12جون سے 12 جولائی تک یورپ کے 12 شہروں میں کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ میں 24 یورپی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ چین کے صوبے ہوبے سے پھیلنے والے اس مہلک کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 3 ہزارزائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور85 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔کورونا وائرس یورپ میں سب سے زیادہ تیزی سے اٹلی میں پھیل رہا ہے اور یوروکپ کے چند میچز کی میزبانی اٹلی کے دارالحکومت روم کوکرنی ہے۔ یوئیفا نے کہا ہے کہ تمام مقامات اورٹرانسپورٹ کی سہولتیں تیارہیں اور ٹکٹوں کی طلب آسمان پر پہنچ چکی ہے اور ہمیں سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں، ہمیںکورونا وائرس کے علاوہ کسی چیز سے خطرہ نہیں کیونکہ ابھی تک اس کے نتائج کے بارے میں کسی کو علم نہیں لہٰذا اس وائرس سے ایونٹ کے انعقاد کو خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔ یورپ میں کورونا وائرس سے 52 ہلاکتوں اور2ہزار سے زائدمعاملات منظر عام پرآنے کے بعد اٹلی میں فٹبال لیگ سیریز اے کے تمام میچزکو تاحکم ثانی منسوخ کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب سوئٹزرلینڈ میں بھی 24 معاملات درج ہوئے ہیں جس کے ساتھ ہی مارچ کے اختتام تک ملک میں ہونے والے فٹبال کی لیگز کے تمام مقابلوں کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ فیفا کے صدر فیانی انفینٹینو نے کہا کہ کسی بھی شخص کی صحت فٹبال کے میچ سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ فٹبال اسوسی ایشن آف ویلز کے چیف ایگزیکٹو جوناتھن فورڈ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس وائرس پر قابو پا لیا جائے گا لیکن ہم ان پر ماہرین سے مشورے لیں گے اور صحت پہلی ترجیح ہے۔ ایمسٹرڈیم میں منعقدہ یورپی فٹبال کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا معاملہ زیربحث آیا لیکن یوئیفا اب بھی ایونٹ کے بروقت انعقاد کے لیے پرامید ہے۔یوئیفا نے کہا ہے کہ ہم کورونا وائرس اور اس کی پیشرفت کے حوالے سے بین الاقوامی اور مقامی متعلقہ حکام سے مستقل رابطے میں ہیں، ابھی ٹائم ٹیبل میں تبدیلی کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔یورو کپ کا افتتاحی میچ 12جون کو روم میں میزبان اٹلی اور ترکی کے درمیان مقرر ہے۔ یوئیفا کے بموجب انہیں ٹکٹ کی 2کروڑ 80 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور یہ اعداد وشمار 2016 کے یوروپ کپ کے مقابلے میں دوگناہیں۔یوروکپ کے سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی لندن کا ویمبلے اسٹیڈیم کرے گا۔ یورو کپ میں حصہ لینے والی 24 ٹیموں میں سے 20 کا فیصلہ ہو چکا ہے جبکہ باقی4 ٹیموں کا فیصلہ رواں ماہ کے اختتام تک ہو جائے گا۔