کرونا وائیرس : تلنگانہ میں ہائی الرٹ کا اعلان

   

مہلک مرض کی صورتحال کا جائزہ ‘ تمام دواخانوں میں ماہرین امراض تنفس دستیاب رہنے وزیر صحت کی ہدایت

حیدرآباد ۔ 2 فبروری ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے ’’مہلک کرونا وائیرس‘‘ کے تعلق سے تلنگانہ ریاست بھر میں ’’ ہائی الرٹ‘‘ اختیار کرنے کا اعلان کیا ۔ اس سلسلہ میں وزیر صحت و طبابت مسٹر ای راجندر نے آج ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں کے ساتھ کرونا وائیرس کے تعلق سے پائی جانے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ اور ریاست کے تمام گورنمنٹ ہاسپٹلس میں خدمات انجام دینے والے ماہرین امراض تنفس ’’ہلمد نولوجسٹس‘‘ تمام دواخانوں میں دستیاب رہنے کے لئے اقدامات کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں ۔ کیونکہ تمام ٹیچنگ (تدریسی) ہاسپٹلس میں کرونا وائیرس کے مشتبہ مریض رجوع ہونے پر مناسب علاج کرنے کے لئے تمام تر انتظامات کرنے کا مشورہ دیا ۔ اور وزیر موصوف نے کہا کہ 3 ؍ فبروری سے گاندھی میڈیکل کالج میں ’’کرونا وائیرس‘‘ کے ٹسٹس کا آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر روز گاندھی میڈیکل کالج میں کم از کم کرونا وائرس کے مشتبہ طور پر متاثرہ مریضوں کے ٹسٹ کئے جائیں گے اور ہر ایک ٹسٹ کے لئے کم از کم دس گھنٹے درکا ہوں گے ۔ جبکہ اب تک ریاست تلنگانہ کے کسی مقام سے ایک بھی کرونا وائیرس کیس کے پازیٹیو (مثبت) ہونے کا کوئی پتہ نہیں چلا ہے اور اس طرح ابھی تک ریاست میں کوئی کرونا وائرس سے متاثر پائے جانے کی کوئی اطلاع نہیں پائی جاتی ہے ۔ لہذا ریاست کے عوام سے کرونا وائرس کے تعلق سے خوف زدہ و پریشان نہ ہونے کی وزیر صحت و طبابت نے پرزور خواہش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چین سے واپس ریاست تلنگانہ یا شہر حیدرآباد آنے والے ہر ایک سے فیور ہاسپٹل یا گاندھی ہاسپٹل اور چیسٹ ہاسپٹل پہنچ کر میڈیکل ٹسٹس کروالینے کی وزیر موصوف ای راجندر نے پر زور خواہش کی ۔ اور ہاسپٹلس میں کرونا وائیرس کے مبینہ طور پر متاثرہ شریک ہونے والے افراد کی مناسب دیکھ بھال کرنے اور موثر علاج کے لئے تمام تر سہولتیں فراہم کی گئیں ۔ بالخصوص ماسکس سائنیٹچرس کے علاوہ مناسب تعداد میں اسٹاف کو تیار رکھا گیا ہے ۔ وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت کے دیئے گئے رہنمایانہ خطوط اور مشوروں پر عمل آوری کی جا رہی ہے ۔ مسٹر ای راجندر نے پرزور الفاظ میں کہا کہ خواہ ریاست میں مہلک کرونا وائرس سے متعلق کنتی ہی ہنگامی صورتحال کیوں نہ پائی جائے ‘ طبی خدمات انجام دینے کے لئے ریاستی محکمہ صحت و طبابت ہر لحاظ سے تیار ہے۔ لہذا کرونا وائیرس کے تعلق سے ہرگز خوف زدہ نہ ہونے کی ریاستی عوام سے پرزور خواہش کی۔ وزیر صحت و طبابت نے بتایا کہ ریاست میں کرونا وائرس کے ٹسٹس کرنے سے متعلق مرکزی حکومت نے ’’کٹس‘‘فراہم کی ہے ۔ اور اب تک ہی اس سلسلہ میں ٹرائیل رن کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اور کرونا وائیرس سے متعلق شکوک و شبہات کو دور کرنے اور مکمل انسداد کرنے کے لئے 24 گھنٹے کارکرد رہنے والے کال سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اور کسی بھی نوعیت کے معلومات حاصل کرنے کے لئے 040-24651119 فون نمبر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔