مشرقی گوداوری میں فون خریدی پرملزم کی شناخت
حیدرآباد ۔ 22فبروری ( سیاست نیوز) سات کروڑ روپئے کے زیورات لیکر فرار ہونے والے ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ایس آر نگر علاقہ سے سرینواس زیورات لیکر فرار ہوگیا تھا اور پولیس نے مشرقی گوداوری علاقہ سے سرینواس کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 17 فبروری کو زیورات کی ڈیلیوری دینے کے بہانے سرینواس ہیرے کے زیورات لے کر فرار ہوگیاتھا اور ایس آر نگر پولیس اس کی تلاش میں تھی ۔ ذرائع کے مطابق سرینواس کی جانب سے سیل فون کی خریداری کی بنیاد پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ۔ زیورات کے ساتھ فرار ہونے کے دوران سرینواس نے اس کی مالکین رادھیکا کے ڈیبٹ کارڈ کا استعمال کیا تھا اور اس کے ذریعہ ایک سیل فون کی خریداری کی اور اس نئے سیل فون کو اپنے رشتہ دار کے حوالے کرنے کے بعد رشتہ دار کا پرانا فون لے لیا اور اس کا استعمال کرنے لگا تاکہ پولیس کی گرفت سے بچا جاسکے ۔ مسلسل تلاشی میں مصروف پولیس کی خصوصی ٹیموں نے کارڈ کے استعمال ہونے کا پتہ لگالیا اور سیل فون کی خریداری کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ای ایم آئی نمبر کی بنیاد پر اس کے رشتہ دار تک پہنچی اور کار ڈرائیور سرینواس کا پتہ لگالیا جو مشرقی گوداری ضلع میں پناہ لئے ہوئے تھا ۔ دیکھتے ہی دیکھتے پولیس اس تک پہنچ گئی اور اسے دبوچ لیا ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے زیورات کو بھی حاصل کرلیا ہے جس کو ڈرائیور سرینواس نے زمین میں دفن کردیا تھا اور زیورات کو حاصل کرلیا گیا ۔ پولیس نے زیورات کو آئی ٹی عہدیداروں کے حوالے کردیا چونکہ اس کا کوئی حساب کتاب زیورات کی مالکین رادھیکا کے یہاں نہیں ہے ۔ رادھیکا قیمتی زیورات کا کاروبار کرتی ہے جو مادھا پور علاقہ میں رہتی ہے ۔ امکان ہے کہ پولیس بہت جلد سرینواس کو میڈیا کے روبرو پیش کرے گی ۔ ع