کرپشن کی صورت میں عہدیداروں کو کاروائی کا انتباہ

   

شہری ترقی پروگرام میں وزیر فینانس ہریش راؤ کی شرکت ، نو منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایات

حیدرآباد۔/22 فبروری، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کرپشن اور بے قاعدگیوں کے بغیر دیانتداری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ اگر وہ بے قاعدگیوں میں ملوث رہیں گے تو عہدوں سے محروم ہونا پڑے گا۔ ہریش راؤ نے آج پٹن چیرو اور سنگاریڈی میں پٹنا پرگتی پروگرام میں حصہ لیا اور عہدیداروں کو پابند کیا کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ میونسپلٹیز میں کرپشن اور بے قاعدگیوں سے پاک نظم و نسق فراہم کیا جانا چاہیئے۔ کونسل ہال میں منعقدہ متحدہ میدک ضلع کے اس پروگرام میں رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی کے علاوہ ضلع کلکٹر ، ارکان اسمبلی اور نو منتخبہ میونسپل چیرمین، کونسلرس اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ نئے بلدی قانون کے تحت ہر میونسپلٹی کو حکومت خطر خواہ فنڈز جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹر کی نگرانی میں بجٹ کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میونسپلٹی کی آمدنی میں 10 فیصد رقم شجر کاری پر خرچ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو پلاسٹک سے پاک بنانے کیلئے ہر کسی کو اپنی حصہ داری ادا کرنی چاہیئے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگراموں سے علاقوں کی ترقی ممکن ہوگی۔ چیف منسٹر نے شہروں میں عوام کو بہتر سہولتوںکی فراہمی کیلئے پٹنا پرگتی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بلدی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے عوامی نمائندوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ کونسلرس کو عوام کے درمیان رہ کر گھل مل کرکام کرنا چاہیئے اور وارڈ کے ہر شخص کے ساتھ کونسلر کا رویہ دوستانہ رہے۔ مذہب، ذات پات اور سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر خدمات انجام دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 24 فبروری تا 4 مارچ پٹنا پرگتی پروگرام جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر وارڈ میں خواتین ، نوجوانوں، دانشوروں اور وظیفہ یابوں کی کمیٹیاں تشکیل دی جانی چاہیئے۔ انتخابات میں تعاون نہ کرنے والے افراد کے ساتھ بھی بہتر سلوک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں کو پلاسٹک کے استعمال سے پاک کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں شعور بیداری مہم جاری ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے پلاسٹک کے استعمال پرپابندی ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ شجرکاری مہم پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے بلدیات کے بجٹ کو غیر ضروری اُمور پر خرچ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔