نیویارک : امریکہ میں حکام نے اب تک ہونے والی بٹ کوائن کی سب سے بڑی چوری کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے پیچھے ایک آدمی اور اس کی بیوی کا ہاتھ ہے۔ روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے تقریباً ساڑھے تین ارب ڈالر کی بٹ کوائن کی رقم قبضے میں لی ہے اور اس میں مبینہ طور پر ملوث جوڑے کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس غیر قانونی کارروائی کا تعلق 2016 ء میں ڈیجیٹل کرنسی ایکسچینج بٹ فنکس کی ہیک سے ہے۔استغاثہ کے مطابق نیویارک کے رہائشی اس جوڑے کو منگل کی صبح مین ہٹن میں گرفتار کیا گیا تھا۔ دونوں نے غیر قانونی طور پر حاصل ہونے والی رقم سے سونا، نان فنجیبل ٹوکنز اور پانچ سو ڈالر کا والمارٹ کا گفٹ کارڈ لیا ہے۔دونوں نے اپنی جعلی شناخت ظاہر کی ہوئی تھی،اور 31 برس کی ہیتھر مارگن ریپ گلوکارہ کے نام ’ریزل خان‘ سے مشہور تھیں۔