کرکٹ محض ایک کھیل اور تفریح ، میاچس پر سٹہ بازی جرم

   

سٹہ بازوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ، کمشنر پولیس سجنار
حیدرآباد ۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) دنیا کرکٹ کی سب سے بڑی لیگ انڈین پریمیئر لیگ کے آغاز کے ساتھ ہی حیدرآباد پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ بیٹنگ مافیا اور سٹہ بازوں کو سٹی پولیس کمشنر نے سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ کرکٹ کو محض ایک کھیل اور تفریح کے طور پر دیکھیں اور کرکٹ کے میاچس کے ذریعہ سبق حاصل کیا جاسکتا ہے لیکن کرکٹ کے ذریعہ سٹہ، جوا اور شرائط کا لگانا جرم ہے اور پولیس اس کے خلاف کارروائی کرے گی۔ انہوں نے سٹہ بازوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ سٹہ بازوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا جائے گا۔ کمشنر پولیس سجنار نے کہا کہ حالانکہ مرکزی حکومت کی جانب سے سینکڑوں بیٹنگ ایپ کو بند کرنے اور “Saynotobetting Apps” کی تشہیر کے بہترین نتائج برآمد ہورہے باوجود اس کے دھوکہ باز کسی نہ کسی طریقہ سے شہریوں کو اپنے جال میں پھانس رہے ہیں اور ان کی رقم کو لوٹ رہے ہیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد نے بتایا کہ ٹیلی گرام، واٹس ایپ، انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ نئے ویب سائیٹس کو تیار کرتے ہوئے دھوکہ دہی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن کے علاوہ اب آف لائن کے ذریعہ بھی سٹہ چلایا جارہا ہے۔ کم وقت میں زائد رقم کمانے کی آس بتا کر لوٹ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی گھر اس جوا اور سٹہ کی لعنت سے تباہ ہورہے ہیں۔ سٹی پولیس کمشنر حیدرآباد سجنار نے بتایا کہ شہر میں آئی پی ایل میاچس کے دوران سٹہ بازوں اور سٹہ سرگرمیوں پر سخت نظر رکھی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ڈائیل 100 یا پھر سٹی پولیس کے واٹس ایپ نمبر 9490616555 پر اطلاع فراہم کریں۔ع