کرکٹ میاچس پر سٹہ بازی ایک شخص گرفتار ، نقد رقم ضبط

   

حیدرآباد : شہر میں آئی پی ایل کرکٹ میاچس پر سٹہ بازی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس پولیس نے ایک سٹہ باز کو شہر کے علاقہ یوسف گوڑہ سے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ این پرساد راجو جس کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع مشرقی گوداوری سے ہے روزگار کیلئے حیدرآباد منتقل ہوکر رئیل اسٹیٹ تاجر کے پاس آفس بوائے کی ملازمت کررہا تھا ۔نامناسب آمدنی کے نتیجہ میں اس نے کرکٹ پر سٹہ بازی شروع کیا اور گزشتہ چند ماہ سے وہ سٹہ بازی کا کاروبار چلارہا تھا ۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جارہے آئی پی ایل کرکٹ میاچس پر اس نے سٹہ بازی شروع کی اور ’’کرکٹ لائین گرو‘‘ موبائیل ایپ کے ذریعہ وہ ممبئی انڈیز اور راجستھان رائلز کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ پر سٹہ بازی میں ملوث ہوا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے یوسف گوڑہ علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 35 ہزار نقد رقم ، ٹی وی سیٹ اور موبائیل فون بھی ضبط کرلیا ۔