چھ سٹہ باز گرفتار ، آٹھ لاکھ نقد رقم ضبط ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /12 جون (سیاست نیوز) ورلڈ کپ کرکٹ میچیز پر سٹہ بازی کے ایک ریاکٹ کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے 6 سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 8 لاکھ نقد رقم برآمد کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹولی کا سرغنہ سیندھی کالونی کا ساکن برکت لالانی ہے جو کرکٹ پر سٹہ بازی میں ماہر ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ آئی پی ایل 2019 ء میں برکت جو امریکہ میں موجود ہے نے اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے کرکٹ پر سٹہ بازی کا کاروبار چلایا ۔ ٹاسک فورس نے بتایا کہ برکت لالانی کے ساتھی روپانی ، ناظم گیلانی ، مہیت جین ، نکھار مہیشوری ، راہول جین ، ویبھو سالوی اور دیگر کی مدد سے یہ کاروبار چلایا جارہا ہے ۔ مذکورہ گرفتار افراد برکت کیلئے کلکشن ایجنٹس کا کام کررہے تھے اور جواریوں سے راست طور پر سٹہ کی رقم وصول کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ایجنٹس 3 فیصد کمیشن پر برکت کیلئے کام کررہے تھے ۔ پولیس نے گرفتار سٹہ بازوں کے قبضے سے نقد رقم کے علاوہ موبائیل فون اور ایک کار بھی برآمد کرلی اور انہیں رام گوپال پیٹ پولیس کے حوالہ کردیا ۔