کریم نگر۔/18 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر سنٹرل لائبریری میں 55 ویں ہفتہ واری پروگرام برائے قومی دارالمطالعہ کے تحت 17 نومبر بروز جمعرات ضلع کے مرکزی دارالمطالعہ کریم نگر میں جماعت ہشتم تا دہم کے طلباء و طالبات کو پسندیدہ سائنسداں کے عنوان پر اور کالج کے طلباء کے لئے جمہوریت کے تحفظ کیلئے رائے دہی کی اہمیت کے عنوان پر تلگو، انگریزی، ہندی اور اردو زبانوں میں تقریری مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ علاوہ ازیں اردو شعراء کے تعاون سے مشاعرہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس پروگرام میں سوڈا چیرمین راما کرشنا راؤ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر راما کرشنا راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ہندو مسلم بھائی چارے کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں اس یکجہتی کے ساتھ بڑھتے رہنے تمام کو نیک تمنائیں پیش کی۔ اس تقریری مقابلہ میں 18 مدارس کے 76 طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ مشاعرہ کے انعقاد میں مکمل تعاون پر میر شوکت علی کی انتظامیہ مرکزی دارالمطالعہ کریم نگر کی جانب سے شال پوشی کی گئی اور ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اس پروگرام میں نیشنل یوتھ ایوارڈ وصول کنندہ اے کرن کمار، عملے ملیا، راجا ملو، سریتا، گوتمی، ناگا بھوشن، مہیش، لکشمی، کشن، طلباء و طالبات، اساتذہ و دیگر نے شرکت کی۔