کریم نگر : بی جے پی حکومت کی جانب سے اے آئی سی سی صدر سونیا گاندھی اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کے خلاف غیر قانونی مقدمات درج کرنے اور نوٹس بھیجنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج شہر کانگریس کے زیراہتمام (ٹی پی سی سی )کی کال پر وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے کو نذر آتش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سٹی کانگریس کمیٹی کے صدر کومٹی ریڈی نریندر ریڈی نے کہاکہ ملک کے لیے یہ لوگ قربانی دینے والے محترمہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے کنبہ کے افراد کے خلاف جانبدارانہ ای ڈی نوٹس بھیجنے کی ہم کانگریس کی طرف سے سخت مذمت کرتے ہیں۔ بی جے پی کے وزیر اعظم نریندر مودی کو قومی کمپنیاں نیلام کرنے پر ، معصوم عوام کو گمراہ کرنے پر، ملک کی جائیدادوں کو گجراتی اڈانی ، امبانی کے حوالے کرنے پر پہلے مودی کو نوٹس بھیجے جائیں جو انہیں بیچ رہا ہے اور آنے والے دنوں میں مودی کو جیل کی ہوا کھلائی جائیگی۔ بی جے پی کے ذریعہ روزآنہ عوام کی زندگیوں کو درہم برہم کرنا، عوام کو طرح طرح سے دھوکہ دینا، پیٹرول، ڈیزل، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرنا، لوگوں کو سڑکوں پر پھینکنا، بین الاقوامی سطح پر روپئے کی قدر کو کم کرنے پر پہلے بی جے پی لیڈروں کو جیلوں میں ڈالنا چاہیے۔ جوملک بھر میں تباہی مچارہے ہیں۔ اس احتجاجی مظاہرے میں کانگریس قائدین لنگمپلی بابو، گنڈاٹی سری نواساریڈی، وکٹر، عذرا، ایم ڈی چاند، شبانہ محمد، مامیڈی ستیہ نارائن ریڈی، کوریوی ارون کمار، یانامالا منجولا، شاہین شاہ، ڈانڈی رویندر، سلیم الدین، مکہ بھاسکر، ندیم، جلکرلا رمیش، ای کمار،اور دیگر نے حصہ لیا۔