کریم نگر میں کورونا کے13 نئے کیسس سے عوام میں سنسنی

   

حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد کے ساتھ اضلاع میں بھی کورونا وائرس کیسس میں اضافہ ہورہا ہے۔ کریم نگر اور آصف آباد میں کورونا کے تازہ کیسوں نے عوام میں تشویش کی لہر دوڑادی ہے۔ کریم نگر جہاں کورونا کے واقعات عملاً ختم ہوچکے تھے ایک دن میں 13 نئے معاملات منظر عام پر آئے جس سے عوام میں سنسنی دوڑ چکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کورونا سے متاثرین میں بینک کا ملازم اہمیت کا حامل ہے جس سے ربط میں آنے والے چٹ فنڈ ملازمین اور دیگر افراد میں وائرس پھیل گیا۔ کریم نگر میں کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ سے حکام نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے سبب کورونا کیسوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تاجرین نے 2 بجے دن کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ دوسری طرف آصف آباد ضلع میں کورونا کا ایک اور معاملہ منظر عام پر آیا ۔ کاغذ نگر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا۔ جس کے بعد ضلع میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 23 ہوچکی ہے۔