کریم نگر کو 50 بیڈس پر مشتمل آیوش ہاسپٹل منظور

   

مرکز سے 7.5 کروڑ روپئے جاری ، اراضی مختص کرنے ریاستی حکومت کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 10 جنوری (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے شمالی تلنگانہ کے عوام کیلئے ایک اہم اور خوش آئند فیصلہ کرتے ہوئے کریم نگر میں 50 بستروں پر مشتمل ایوش ہاسپٹل کے قیام کیلئے انتظامی منظوری جاری کردی ہے۔ اس فیصلے سے آیوروید، یوگا، یونانی، سدھا اور ہومیوپیتھی جیسے متبادل طبی نظاموں کو فروغ ملے گا۔ یہ منظوری مرکزی مملکتی وزیرداخلہ بنڈی سنجے کی مسلسل کاوشوں کے نتیجہ میں ممکن ہوئی ہے۔ ہاسپٹل پر مجموعی طور پر 15 کروڑ روپئے لاگت آنے کا تخمینہ ہے جس میں مرکز نے فوری طور پر 7.5 کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں۔ منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے اس ایوش ہاسپٹل میں باڈی تھراپی کیلئے 20 بیڈس پنچاکرما کیلئے 10 بیڈس جرامی کے 10 بیڈس امراض نسواں کے خصوصی شعبے قائم کئے جائیں گے۔ یہاں آیورویدک پنچاکرما علاج ہومیوپیتھی، یوگا اور نیچرپیتھی کے ذریعہ دائمی بیماریوں کا بغیر مضر اثرات علاج فراہم کیا جائے گا۔ ہاسپٹل میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ماہر ڈاکٹرس، یوگا ٹرینرز، نرسنگ اسٹاف اور لیاب ٹیکنیشن کے بشمول بڑی تعداد میں طبی و غیرطبی عملہ تعینات کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہیکہ ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے مناسب اراضی کا انتخاب کیا جائے۔ عمارت کی تعمیر جلد مکمل کی جائے گی اور عملے کی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ضلع کلکٹر کی قیادت میں اراضی کے حصول کا عمل شروع کیا جائے گا۔ یہ ایوش ہاسپٹل نہ صرف کریم نگر بلکہ پورے شمالی تلنگانہ کیلئے ایک اہم طبی مرکز ثابت ہونے کی امید کی جارہی ہے۔2