وزیر داخلہ محمود علی نے چیک حوالے کیا، حکومت سعودی عرب اور چیف منسٹر سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت سعودی عرب نے حج 2015 میں حرم مکہ میں پیش آئے کرین سانحہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک زخمی حاجی کو 95 لاکھ روپئے کا معاوضہ جاری کیا ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج معاوضہ کی رقم کا چیک محمد مجیب اور ان کے افراد خاندان کے حوالے کیا۔ وزیر داخلہ نے حکومت سعودی عرب سے اظہار تشکر کیا جس نے اپنے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے حیدرآباد کے زخمی حاجی کی خطیر رقم کے ذریعہ مدد کی ہے۔ تلنگانہ بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے محمد مجیب اور ان کے افراد خاندان کا میڈیا سے تعارف کرایا اور حادثہ میں زخمی ہونے کے بعد علاج کے سلسلہ میں پیش آئی دشواریوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرین حادثہ میں بعض حجاج کرام جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ محمد مجیب زخمی ہوئے۔ حکومت سعودی عرب نے ان کا علاج کرایا اور مہلوکین اور زخمیوں کیلئے امداد کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ 33 ہزار 333 ڈالر کی رقم منظور کی گئی جو ہندوستانی کرنسی میں 95 لاکھ روپئے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حج کمیٹی کو ہدایت دی تھی کہ وہ زخمی حاجی کی امداد کے سلسلہ میں مساعی کریں۔ چیف منسٹر نے سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر سے نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ تلنگانہ حج کمیٹی نے بھی حکومت سعودی عرب کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محمد مجیب ساکن تالاب کٹہ چھوٹے کاروبار کے ذریعہ اپنے خاندان کی کفالت کررہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ معاوضہ کی رقم سے خاندان کے مسائل حل ہوجائیں گے اور وہ کافی خوشحال ہوجائیں گے۔ انہوں نے حکومت سعودی عرب کے علاوہ چیف منسٹر کے سی آر سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے امداد کیلئے نمائندگی کی تھی۔ محمود علی نے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان کو بھی مبارکباد پیش کی۔ محمود علی نے چیک حوالے کرتے ہوئے بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ ایم اے مجیب اور ان کے ارکان خاندان نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤاور وزیر داخلہ محمد محمود علی سے اظہار تشکر کیا کہ حکومت نے سعی مسلسل کے ذریعہ ان کی امداد کو یقینی بنایا ہے۔ پریس کانفرنس میں مسیح اللہ خان اور محمد مجیب موجود تھے۔