کسان قرض معافی اسکیم‘دوسری قسط میں6,191کروڑ جاری

   

حیدرآباد : /30 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس حکومت نے انتخابی وعدے کے مطابق کسانوں کی قرض معافی سے متعلق دوسری قسط کے طور پر ایک تا دیڑھ لاکھ روپئے قرض معافی کیلئے 6,191 کروڑ روپئے جاری کردئے ہیںجو متعلقہ کسانوں کے بنک کھاتوں میں جمع ہوگئے ۔ اسمبلی احاطہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے 17 کسانوں کو چیک حوالے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹربھٹی ورکرمارکا‘ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ کے علاوہ دوسرے وزراء بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹرنے کہا کہ کسانوں کے قرض معاف کرتے ہوئے ان کی زندگی کا مقصد پورا ہوگیا ہے ۔ کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے تلنگانہ کے کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ اور حکومت تشکیل دینے کے پہلے سال ہی کسانوں کے قرض معاف کئے جارہے ہیں ۔ /18 جولائی کو پہلے مرحلہ میں 11,34,412 کسانوں کے ایک لاکھ روپئے تک قرض معاف کئے گئے اور 6034.96 کروڑ روپئے کسانوں کے بنک کھاتوں میں جمع کئے گئے ۔ آج /30 جولائی کو دوسرے مرحلے کے تحت 6,40,223 کسانوں کے ایک تا دیڑھ لاکھ روپئے کے قرض معاف کئے گئے ۔ اس طرح 6190.01 کروڑ روپئے متعلقہ کسانوں کے بنک کھاتوں میں جمع کئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہوں نے /15 اگست تک کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا تو کسی نے یقین نہیں کیا تھا اور اپوزیشن جماعتوں نے اس کا مذاق اڑایا تھا مگر وہ وعدے پر قائم رہے ۔ دیڑھ تا 2 لاکھ روپئے کے قرض بھی بہت جلد معاف کردیئے جائیں گے ۔ 2
تیسرے مرحلے میں 17,75,235 کسانوں کے دیڑھ تا 2 لاکھ روپئے کے قرض معاف کئے جائیں گے ۔ کسانوں کے بنک کھاتوں میں 12,224.98 کروڑ روپئے جمع کئے جائیں گے ۔ اس طرح تین مرحلوں میں 35,49,870 لاکھ کسانوں کے قرض معاف کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے میں 17 لاکھ 75 ہزار 235 کسانوں کو فائدہ پہنچا ہے اور دو مرحلوں میں 12 ہزار 224 کروڑ روپئے بنک کھاتوں میں جمع کئے گئے ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کسانوں کے 25 ہزار کروڑ روپئے بھی معاف نہیں کئے گئے ۔ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے ورنگل ڈیکلریشن کا اعلان کیا گیا ۔ فوڈ سیکوریٹی قانون کانگریس نے بنایا ۔ مفت برقی کانگریس نے سربراہ کی زرعی انشورنس کانگریس نے متعارف کرایا ۔ کانگریس کسان دوست حکومت ہے ۔ 2