کسانوں کو معیاری تخم فراہم کرنے کے اقدامات

   

چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایات ، ڈاکٹر وی پروین راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /6 مارچ ( سیاست نیوز ) وائس چانسلر پروفیسر جے شنکر اگریکلچر یونیورسٹی مسٹر ڈاکٹر وی پروین راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کے احکامات کے مطابق کسانوں کو معیاری بیج فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تاکہ کسانوں کو معیاری بیج کے ساتھ زائد آمدنی حاصل ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد یہاں کے حالات کو دیکھتے ہوئے کسانوں کیلئے معیاری بیج فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ آج ملنیدا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے وائس چانسلر سے ملاقات کی اور تلنگانہ بیجوں کی پیداوار کے تعلق سے تفصیلی بات چیت کی ۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے بتایا کہ بیجوں کی پیداوار کے شعبہ میں ریاست تلنگانہ بہت اہم رول ادا کر رہا ہے ۔ سویا بین اور چنا کے بیجوں کے علاوہ دیگر تمام بیجوں کی ریاست میں خود پیداوار کی جارہی ہے ۔ جس کے سبب ریاست میں فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے تمام ریسرچ سنٹروں میں بیجوں کی جانچ کے مراکز پائے جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی ریاست بھر کے ریسرچ سنٹروں میں بیجوں ( سیڈس ) کے میلے کا انعقاد عمل میں لاتی ہے ۔ جس کے ذریعہ یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیجوں کو کسانوں کیلئے فراہم کیا جاتا ہے ۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ کسانوں سے استفادہ کنندگان اور ماحول کیلئے مددگار بیجوں کو فراہم کرنا یونیورسٹی کا اہم مقصد ہے اور یونیورسٹی اس کام کو فرض سمجھتی ہے ۔ اس دوران استفادہ کنندگان میں بھی شعور بیدار ہوا ہے اور اس لحاظ سے معیار کے علاوہ مانگ اور طلب کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے ۔ بل ملیندا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے یونیورسٹی کے اقدامات کی ستائش کی ۔ اس اجلاس سے قبل نمائندوں نے اگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں واقع رائس (چاول ) کے شعبہ کا مشاہدہ کیا ۔