کسانوں کی گرفتاری،عدالت کی پولیس پربرہمی

   

حیدرآباد 30دسمبر(یواین آئی) کسانوں کو کیوں گرفتار کیاگیا؟حملہ میں استعمال ہتھیار کہاں ہے ؟اس حملہ میں زخمی افراد کیا آئی سی یو میں ہیں؟اس طرح کے سوالات عدالت نے اے پی پولیس سے کئے جس نے میڈیا پر حملہ کے الزام میں کسانوں کو گرفتارکرتے ہوئے منگل گری کی عدالت میں پیش کیا تھا تاہم عدالت نے پولیس پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے ان کسانوں کی ضمانت منظورکردی۔تفصیلات کے مطابق اے پی کے تین دارالحکومتوں کی حکومت کی تجویز کے خلاف موجودہ دارالحکومت امراوتی کے کسانوں نے احتجاج کیا۔پولیس نے میڈیا پر حملہ کے الزام میں بعض کسانوں کو گرفتار کیا۔ان کے خلاف معاملہ درج کرتے ہوئے ان کسانوں کو 14دنوں کیلئے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔علاوہ ازیں اتوار کی صبح پولیس نے بعض دیگر کسانوں کے مکانات کی تلاشی بھی لی۔اس معاملہ کی سماعت پیر کو عدالت نے کی۔کسانوں کو گرفتار کرنے پر عدالت نے پولیس پر برہمی ظاہر کی اور پولیس کو انتباہ دیاکہ اس طرح کے واقعہ کا اعادہ نہ ہونے پائے ۔