کسانوں کے قرض معافی کا عنقریب آغاز : کے ٹی آر

   

ہر الیکشن میں ٹی آر ایس کو کامیابی، نو منتخب صدورنشین سے کارگزار صدر کا خطاب
حیدرآباد ۔2۔ مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کسانوں کو قرض معافی کا عمل بہت جلد شروع کیا جائے گا۔ تلنگانہ بھون میں ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سوسائٹی بینکس کے نومنتخب صدرنشین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کوآپریٹیو بینکس کے صدرنشین کے عہدہ پر 48 فیصد ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل صدور نشین کے عہدوں پر پسماندہ طبقات کو زائد حصہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس سماجی انصاف کا محض دعویٰ نہیں کرتی بلکہ اس نے عمل کر کے دکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ فارمرس کوآرڈنیشن سمیتیوں کو رعیتو بندھو سمیتوں میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے کسانوںکو قرض معافی کا جلد آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنے والے افراد کالیشورم پراجکٹ کی کامیابی کو تسلیم کرنے پر مجبور ہیں۔ کے ٹی آر نے کسانوں کے مسائل پر غلط پروپگنڈہ کرنے والے قائدین کو سبق سکھانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹیو اداروں کے انتخابات میں ٹی آر ایس نے شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کامیاب صدورنشین اور نائب صدورنشین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پارٹی نے وقار کا مسئلہ تصور کرتے ہوئے وزراء کو اضلاع کی ذمہ داری دی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر الیکشن میں ٹی آر ایس کو کامیابی ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن میں مقررہ تحفظات سے زیادہ پسماندہ طبقات کو نشستیں الاٹ کی گئیں جن میں ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کے نمائندے شامل ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کسانوں کے مسائل اور ان کی بھلائی سے چیف منسٹر کو خصوصی دلچسپی ہے۔ رعیتو بیمہ اور رعیتو بندھو جیسی منفرد اسکیمات کا سہرا کے سی آر کے سر جاتا ہے۔