کسانوں کے قرض معافی کے بعد ادارہ جات مقامی انتخابات

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا دورہ محبوب نگر ۔ کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح ۔ کلکٹریٹ میں جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔9۔جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹرتلنگانہ اے ریونت ریڈی نے آج محبوب نگر ضلع میں 396 کروڑ9لاکھ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور اعلان کیا کہ کسانوں کے قرض معافی کے بعد ادارہ جات مقامی کے انتخابات پر فیصلہ کیا جائیگا۔ کلکٹریٹ میں وزراء عوامی نمائندوں و اعلیٰ عہدیداروں کے اجلاس میں کلواکرتی لفٹ ایریگیشن پراجیکٹ کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی اور کہا کہ ڈسمبر 2025 سے قبل اس کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ حکام فیلڈ ویزیٹ کرکے پراجیکٹ کا جائزہ لیں اور حکومت گرین چیانل سے بجٹ کی اجرائی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ ہرماہ پراجیکٹ کا جائزہ اجلاس منعقد کریں اور جنگی خطوط پر تکمیل کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے کلکٹر آفس میں مہیلا شکتی کینٹین کا افتتاح انجام دیا اور کہا کہ حکومت ان کینٹین کے ذریعہ خواتین کو خود مکتفی بنانے کام کر رہی ہے اور تلنگانہ کے تمام اضلاع میں مہیلا شکتی کینٹین کے آغاز کے ذریعہ خواتین کو روزگار سے جوڑا جائیگا ۔ انہوں نے کلکٹر آفس میں شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ ریونت ریڈی نے پالمورو یونیورسٹی میں 42.40 کروڑ کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگری کالج میں 10کروڑ کی لاگت سے ہاسٹل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ چیف منسٹر نے دیورکدرہ میں گورنمنٹ ڈگری کالج کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جو کہ 6کروڑ10لاکھ کی لاگت سے تعمیر کی جائیگی۔انہوں نے محبوب نگر میں کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ کی نئی عمارت کا بھی سنگ بنیاد رکھا جو کہ 3کروڑ 25لاکھ کی لاگت سے تعمیر کی جائیگی۔ انہو ںنے گندیڑ منڈل محبوب نگر میں کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جو کہ 6کروڑ 20 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔پالمورو یونیورسٹی میں ایس ٹی پی ‘ اکیڈمک بلاک اور گیلری کے کاموں کا بھی سنگ بنیاد رکھا جو کہ 13 کروڑ 44 لاکھ سے تعمیر کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے محبوب نگر بلدیہ میں سی سی روڈ کے علاوہ اسٹوریج ٹینک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس کے علاوہ محبوب نگر بلدیہ میں 276 کروڑ 80لاکھ کی لاگت سے سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے کاموںکا سنگ بنیاد رکھا۔ ان کے ہمراہ وزراء کیپٹن اتم کمارریڈی ‘ جوپلی کرشنا راؤ‘ دامودر راج نرسمہا ‘ ڈاکٹر جی چنا ریڈی نائب صدرنشین منصوبہ بندی کمیشن ملو روی ایم پی و اراکین اسمبلی موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے جامع ترقیاتی منصوبہ پر عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ جن ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ان کی تیز رفتار تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔چیف منسٹر نے کلواکرتی اریگیشن پراجیکٹ کے تعلق سے کہا کہ آئندہ سال کے اختتام سے قبل اس کو مکمل کیا جاتا ہے تو اس کے ذریعہ محبوب نگر کی 3لاکھ40ہزار ایکڑ اراضی کو قابل کاشت بنایا جاسکتا ہے ۔بعد ازاں چیف منسٹر نے محبوب نگر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب میں ڈی ایس سی امتحانات ملتوی کرنے کے مطالبہ پر احتجاج کرنے والے طلبہ کو گمراہ کرنے کا بی آر ایس پر الزام عائد کیا اور کہا کہ 10 سال میںڈی ایس سی منعقد نہ کرنے والی پارٹی اب طلبا کو گمراہ کرکے امتحانات ملتوی کروانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین ہریش راؤ اور کے ٹی راما راؤ کو عثمانیہ یونیورسٹی آرٹس کالج کے روبرو بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا چیالنج کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس سیاسی طور پر ختم ہوچکی ہے اور اب سازشوں پر اترآئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گذشتہ 4یوم سے دہلی کی گلیوں میں گھومتے ہوئے دونوں قائدین وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت نے آج محبوب نگر میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی بالخصوص آبپاشی پراجکٹس ‘ صحت عامہ اور تعلیم سے متعلق پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔انہو ں نے بتایا کہ کسانوں کے قرض کی معافی کی اسکیم پر عمل کے بعد حکومت جلد ادارۂ جات مقامی کے انتخابات کی تیاری کرے گی۔3