کسانوں کے قرض معافی کے ذریعہ ریونت ریڈی نے نئی تاریخ رقم کی

   

نامپلی میں کارکنوں کا جشن، محمد فیروز خاں نے چیف منسٹر کو مبارکباد دی

حیدرآباد۔/21 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کسانوں کے 31 ہزار کروڑ کے قرضہ جات کی معافی کے ذریعہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ تلنگانہ قرض معافی کے معاملہ میں ملک کی پہلی ریاست جبکہ ریونت ریڈی ملک کے پہلے چیف منسٹر بن چکے ہیں۔ قرض معافی کے آغاز پر حلقہ اسمبلی نامپلی میں کانگریس کارکنوں نے جشن منایا اور ریونت ریڈی کی فوٹو کو دودھ سے نہلایا گیا۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی و انچارج نامپلی محمد فیروز خاں کی قیادت میں جشن کا اہتمام کیا گیا۔ کانگریس کارکنوں نے ریونت ریڈی اور مہاتما گاندھی کی تصاویر کو دودھ سے نہلاکر کسانوں کے حق میں کئے گئے فیصلے پر مسرت کا اظہار کیا۔ نامپلی اسمبلی حلقہ شہر حیدرآباد کا وہ پہلا حلقہ ہے جہاں کسانوں کے حق میں فیصلہ پر کارکنوں نے جشن کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد فیروز خاں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے 6 مئی 2022 کو ورنگل میں راہول گاندھی کی جانب سے جاری کردہ فارمرس ڈیکلریشن میں کئے گئے وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ اس فیصلہ سے 39 لاکھ کسانوں کے 60 لاکھ قرض معاف کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر بڑی تعداد میں ہر کسان کو دو لاکھ روپئے کے قرض معافی کا اقدام تلنگانہ ہی نہیں بلکہ ملک کی تاریخ میں سنہرے لفظوں میں لکھا جائے گا۔ آزادی کے بعد سے ہندوستان کی کسی ریاست یا کسی چیف منسٹر نے اس قدر بڑی تعداد میں کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے ہوں۔ فیروز خاں نے کہا کہ 2014 میں بی آر ایس نے ایک لاکھ روپئے قرض معافی کا وعدہ کرتے ہوئے 2018 تک 12 ہزار کروڑ کے قرض معاف کئے تھے جبکہ 2018 سے 2023 تک ایک لاکھ روپئے کے حساب سے 16 ہزار کروڑ کے قرض معاف کئے گئے۔ بی آر ایس نے 10 برسوں میں 28 ہزار کروڑ کے قرض معاف کئے جبکہ ریونت ریڈی حکومت نے اقتدار کے پہلے سال ہی ایک ہی مرحلہ میں 31 ہزار کروڑ کے قرضہ جات معاف کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 اگسٹ تک قرضہ جات کی معافی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ فیروز خاں نے کہا کہ تلنگانہ کے غریب اور مجبور کسانوں کو قرض کے بوجھ سے نجات دلانے کیلئے راہول گاندھی نے جو وعدہ کیا تھا اس کی تکمیل ہوچکی ہے۔ یو پی اے دور حکومت میں ڈاکٹر منموہن سنگھ نے 70 ہزار کروڑ کے قرضہ جات معاف کئے تھے۔ 1