سابق وزیر پرشانت ریڈی کا اظہار تشویش، مارکیٹ یارڈ میں ’ای نام‘ نظام سے مشکلات
نظام آباد۔ 27 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی و مرکزی حکومتوں کی جانب سے ہلدی کسانوں کو درپیش مسائل کے حل میں لاپرواہ رویہ اختیار کرنے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیر و رکن اسمبلی بالکنڈہ پرشانت ریڈی نے کہا کہ نظام آباد مارکیٹ یارڈ میں ای۔نام نظام میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابیوں کے سبب کسان شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ای۔نام کے بجائے کھلی نیلامی کے ذریعہ خریداری سے کسانوں کو نقصان سے بچنے کا مطالبہ کیا انہوں نے کہا کہ پرانے ای۔نام نظام میں پہلے ہی کئی مسائل موجود تھے۔ اس کے باوجود مناسب تربیت اور تکنیکی سہولیات فراہم کیے بغیر نئے نظام کو نافذ کرنا کسانوں کے لیے مشکلات کا باعث بنا ہے۔ مارکیٹ یارڈ میں ہلدی کی بڑی مقدار پہنچنے کے باوجود حکومتیں پیشگی منصوبہ بندی میں ناکام رہیں جس کے نتیجے میں کسانوں کو اپنی فصل فروخت کرنے کے لیے تین تا چار دن تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہلدی کی پیداوار کے باعث ضلع نظام آباد کو ملک بھر میں نمایاں شناخت حاصل ہے اس کے باوجود کسانوں کو مشکلات سے دوچار کرنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت کے بغیر کھلی نیلامی کے ذریعہ خریداری سے کسانوں کو نقصان اور دلالوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ اگر دلالوں کا گٹھ جوڑ کسانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا اور نقصان کی صورت میں حکومت کو مکمل ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔رکن اسمبلی بالکنڈہ پرشانت ریڈی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری مداخلت کرتے ہوئے ای۔نام نظام میں موجود تکنیکی خرابیوں کو دور کرے اور کسانوں کو دلالوں کے ہاتھوں دھوکہ کھانے سے بچائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں کسانوں کے حق میں بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام شروع کیے جائیں گے اور وہ ہمیشہ کسانوں کے ساتھ کھڑے رہیں۔