حیدرآباد۔ تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے کہا ہے کہ موسم خریف میں فصل کے مصارف کے لئے اس ماہ کی 15تاریخ سے کسانوں کے بینک کھاتوں میں رعیتوبندھو اسکیم کے تحت رقم جمع کروائی جائے گی۔اس اسکیم کے ذریعہ کسانوں کو فصل کے لئے حکومت ناقابل واپسی رقمی امداد کرتی ہے ۔انہوں نے آج راجنا سرسلہ ضلع کے دورہ کے موقع پر سردار پور میں مارکٹ یارڈ کے کاموں اور بٹالین بلڈنگ کے کاموں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر راو نے کہاکہ کسانوں کی مدد کے لئے کئی فلاحی اسکیمات پر عمل کرنے کی مساعی کی جارہی ہے ۔دوسراسبز انقلاب صرف چیف منسٹر چندرشیکھرراو سے ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرسلہ کے میٹا علاقہ میں ریکارڈ سطح کی فصل ہوئی ہے جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔انہوں نے کلکٹر اور آرڈی او کو ہدایت دی کہ کسانوں کے بینک کھاتوں میں رقم جمع کروانے میں مسائل پیدا ہوں تو ان مسائل کو دور کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے ۔انہوں نے ہدایت دی کہ جنگلات کی اراضی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے ساتھ تال میل پیدا کیاجائے ۔