دست و قئے کی کثرت کے سبب سرکاری دواخانہ منتقلی،ذمہ داروںکے خلاف سخت کارروائی کرنے سرپرستوں کا مطالبہ
کلواکرتی۔/17 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امر آباد منڈل کے منانور میں واقع کستوربا گاندھی ہاسٹل کی طالبات ناقص غذا کی فراہمی کے سبب آج سخت علیل ہوگئیں اور کئی ایک طالبات کثرت سے دست و قئے کے سبب آپے سے باہر ہوگئیں جنہیں فوراً اچم پیٹ سرکاری ہاسپٹل پہنچایا گیا جہاں پر ان طالبات کا علاج ہنوز جاری ہے۔ طالبات اس قدر پریشان اور کمزور ہوگئی ہیں کہ بعض طالبات میڈیا سے بات بھی نہیں کرپارہی ہیں۔ جب ہم نے متاثرہ بعض طالبات سے تفصیلات طلب کی تو انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی ایک ایام سے ناقص غذا فراہم کی جارہی تھی جبکہ دو دن سے تو کیڑے موجود کھانا فراہم کیا جارہا تھا ، جس کی اطلاع انچارج کو دی گئی تو انہوں نے بھی عدم توجہی کا مظاہرہ کیا۔ اس غذا کے کھانے سے طالبات بیمار ہونے لگیں اس کی اطلاع بھی ذمہ داران کو دی گئی تو اس پر بھی انہوں نے عدم توجہی ظاہر کی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آج کثیر تعداد میں طالبات متاثر ہوئیں اور دست و قئے کے سبب طالبات بے حال ہوگئیں جبکہ اصل میں یہ ہاسٹل پدرہ منڈل میں رہنے کا تھا لیکن وہاں پر عدم سہولیات کے سبب منانور منتقل کیا گیا جبکہ ایک ماہ قبل ہی طالبات نے ناقص غذا کی فراہمی اور عدم سہولیات کے بناء راستہ روکو احتجاج کیا تھا اور اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگی کی تھی۔ لیکن آج کے اس حادثہ سے سب کی پول کھل گئی۔ کسی ایک بھی عہدیدار نے اس جانب توجہ نہیں دی اور نہ کسی قسم کی اس میں تبدیلی لائی گئی، جس کا اثر یہ ہوا کہ آج اتنی کثیر تعداد میں طالبات دواخانہ میں زیر علاج ہے۔ طالبات اور ان کے سرپرستوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سخت برہمی میں مطالبہ کیا کہ فوراً ایس او باورچی پر سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے انہیں معطل کریں جیسے ہی یہ اطلاع عام ہوئی ایم ایل اے بالراج اور ڈی ایچ او نے دواخانہ پہنچ کر طالبات سے بات چیت کی اور تمام تفصیلات حاصل کیں۔
