کسمپرسی کے شکار دیہی مسلم طبقات سے عامر علی خان کی ملاقات

   

حکومت سے موثر نمائندگی کا تیقن، کھمم کے منتخب نمائندوں سے فون پر مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی پر توجہ دہانی
حیدرآباد ۔ 29 ستمبر (شاہنواز بیگ) ہمارا ملک ہندوستان گلدستہ کی طرح ہے، جس میں ہر مذہب کا احترام کیا جاتا ہے۔ یہاں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سبھی بھائی بھائی کی طرح مل جل کر رہتے ہیں۔ خوشی اور غم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔ مختلف طبقات اور مذہب سے وابستگی کے باوجود ان کا آپسی اتحاد اور بھائی چارگی کی دنیا میں منفرد پہچان ہے اور یہی چیز انہیں دنیا میں ممتاز کرتی ہے اور باوقار حیثیت عطا کرتی ہے۔ ہمیں اس کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن قانون ساز کونسل و نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خان نے کھمم کے ایک فنکشن ہال میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اتحاد و بھائی چارگی کی روایت کو قائم رکھنے اور امن و امان کے ساتھ رہنے کی پرزور اپیل کی۔ واضح رہے کہ آج صبح 10 بجے کھمم دورے کے موقع پر جناب عامر علی خان کا والہانہ اور فقید المثال خیرمقدم کیا گیا۔ مسلم تنظیموں کی جانب سے آتشبازی کرتے ہوئے کھمم چوراستہ سے ہی موٹر سائیکل ریالی کی شکل میں انہیں ایک فنکشن ہال میں لایا گیا جہاں ڈیموکریٹک میناریٹی فرنٹ و مسلم فرنٹ کی جانب سے تہنیتی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ یہاں پر جس طرح منفرد انداز میں جناب عامر علی خان کو تہنیت پیش کی گئی اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ شہر حیدرآباد سے کافی دور اضلاع کے شہروں اور دیہاتوں میں بھی عوام جناب عامر علی خان سے کتنی محبت اور وابستگی رکھتے ہیں۔ شہر کھمم میں تہنیتی تقریب کے بعد ضلع کے ویرا علاقہ میں موضع جنکل گوڑہ کا جناب عامر علی خان ایم ایل سی نے دورہ کیا جو نہایت پسماندہ علاقہ ہے۔ یہاں پر تلنگانہ راشٹرا سماچار، مسلم تیگلاسنگم کے زیر اہتمام ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں عوام بالخصوص بے گھر، نہایت غریب مسلم طبقات نے شرکت کی جن سے جناب عامر علی خان نے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے ان کے حالات کا جائزہ لیا اور ان کی کسمپرسی کی زندگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خوشحالی کے لئے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکنہ کوشش کرنے کا تیقن دیا۔ اس علاقہ کی عوام نے بتایا کہ ان کے پاس راشن کارڈس، شناختی کارڈس وغیرہ ہونے کے باوجود ان تک سرکاری اسکیمات کی رسائی نہیں ہو رہی ہے۔ اس جانب کوئی حکومت یا کوئی قائد توجہ نہیں دے رہے ہیں اور وہ حکومت کے ہر طرح کے مراعات سے محروم ہیں۔ غریب مسلم عوام کی حالات زندگی سے جناب عامر علی خان بہت افسردہ ہوئے اور اس کی یکسوئی کا نہ صرف تیقن دیا بلکہ اسی وقت مقامی منتخب نمائندوں سے فون پر بات کرتے ہوئے ان مسائل کی طرف اُن کو توجہ دلائی۔ جناب عامر علی خان نے اس موقع پر مسلمانوں بالخصوص غریبوں کے تمام مسائل کو حل کرنے اور اس کے لئے حکومت سے موثر و کامیاب نمائندگی کرنے کا تیقن دیا۔ یہاں کی غریب عوام نے جناب عامر علی خان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور بہت ساری مبارکبادیاں پیش کیں۔ اس دورہ کے موقع پر مختلف سیاسی و سماجی رہنما و قائدین موجود تھے۔