سری نگر: بھاری بارشوں کے پیش نظر شری امرناتھ جی یاترا کو بنا بر احتیاط عارضی بنیادوں پر ہفتہ کے روز دونوں راستوں سے معطل کر دیا گیا۔ ایک متعلقہ عہدیدار نے بتایا کہ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع بالتل بیس کیمپ اور جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع ننون پہلگام بیس کیمپ پر گذشتہ شام سے رک رک بھاری بارشیں ہو رہی ہیں جس کے پیش نظر ہفتہ کی صبح یاترا کو دونوں راستوں سے معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ بنا بر احتیاط لیا گیا ہے تاکہ یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ کو یاترا بحال ہونے کے بہت کم امکانات ہیں۔خیال رہے کہ یاترا کے پہلے ہفتہ کے دوران قریب ڈیڑھ لاکھ یاتری کشمیر میں 3 ہزار 8 سو 80 کلو میٹر بلندی پر واقع پوتر گھپا کے درشن سے فیضیاب ہوئے ہیں۔دریں اثنا جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے ہفتہ کی صبح 5 ہزار 8 سو 76 یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ 2 سو 45 گاڑیوں میں سخت سیکوریٹی بندبوست کے بیچ کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔