کشمیر ریڈ زون میں ڈرونز سے نگرانی

   

سری نگر، 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر پولیس نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے ریڈ زون قرار دیے جانے والے علاقوں کی ڈرونز کے ذریعے مانیٹرنگ تیز کردی ہے ۔ ڈرونز سے نہ صرف لوگوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھی جارہی ہے بلکہ ان میں نصب پبلک ایڈرس سسٹم کے ذریعے لوگوں تک اپنے گھروں میں ہی بیٹھے رہنے کی اپیلیں بھی پہنچائی جارہی ہیں۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ریڈ زون قرار دیے جانے والے علاقوں کو جانے والے راستے سیل کئے گئے ہیں اور اندرون میں لوگوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لئے ڈرون کیمروں کی مدد لی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرونز کے ذریعے لوگوں تک اپنے گھروں میں ہی محدود رہنے کا صوتی پیغام بھی پہنچایا جارہا ہے ۔واضح رہے کہ جموں وکشمیر حکومت نے دس روز قبل ریڈ زون علاقوں کے لئے رہنما خطوط (ایس او پیز) جاری کئے جن کے مطابق ایسے علاقوں میں 100 فیصد لاک ڈاؤن نافذ رہے گا اور ایسے علاقے کے چاروں اطراف لوگوں کی نقل و حرکت کے لئے مکمل طور پر سیل رہیں گے ۔