کشمیر معاملہ پر ٹرمپ نے دیا پھر متنازع بیان، کہا نریندر مودی سب سنبھال لیں گے

,

   

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی کو عظیم رہنما بتاتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی سرزمین پر پھلنے پھولنے والے دہشت گردی سے نمٹنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ امریکی صدر نے منگل کے روز ہندوستانی صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا،’میں جانتا ہوں آپ کے وزیر اعظم اس سے نمٹ لیں گے‘۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ آپ پاکستان کے وزیراعظم کے اس اقرار کو کس طرح دیکھتے ہیں کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے القاعدہ کو ٹریننگ دی تھی۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ساتھ ہی کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب کشمیرپر مشترکہ طور پر بات کریں۔ ان کی ملاقات سے کئی اچھی باتیں نکل کر آئیں گی۔ امریکی صدر کے اس تبصرے کو اہم مانا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے پیر کو دونوں ملکوں کے درمیان ثالثی کرنےکے لیے تیار ہونے کی بات کا اعادہ کیا تھا۔

امریکی صدر نے کہا کہ ہندوستان کا برتاؤ متوازن ہے۔ انہوں نے دنیا کے عظیم جمہوریت کی قیادت کرنے کے لئے پی ایم  مودی کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ’فادر آف انڈیا‘ کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا،’مجھے یاد ہے کہ ہندوستان کی حالت ٹھیک نہیں تھی۔ بڑے اختلافات اور داخلی جدو جہد تھی۔ وہ سب کو ساتھ لے کر آئے ہیں‘۔ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ امریکہ کا تجارتی معاہدہ جلد ہوگا۔