واشنگٹن ۔ 17 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سفیر متعینہ امریکہ ہرش وردھن شرنگلا نے چہارشنبہ کو امریکی قانون سازوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی صورتحال اور دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد قیام امن کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے انہیں واقف کروایا۔ مسٹر شرنگلاکی خارجی امور کمیٹی کے ارکان کے ساتھ اپنی نوعیت کی یہ پہلی ملاقات تھی کیونکہ کشمیر میں اس وقت عوام اور قائدین کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا ہے اور جس طرح پابندیاں عائد کی گئی ہیں، اس کو لیکر امریکی قانون سازوں میں ناراضگی اور بے چینی پائی جاتی ہے جبکہ مسٹر شرنگلا کے مطابق بیشتر پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔ 16 اگست سے پابندیاں بتدریج ختم کی جارہی تھیں جن میں پوسٹ۔ پیڈ موبائیل فون خدمات کا 14 اکٹوبر سے بحال کیا جانا سب سے زیادہ اہم ہے جس سے 40 لاکھ صارفین ایک بار پھر خدمات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ ایسے متعدد کانگریس مین جو کمیٹی کے رکن نہیں ہیں، انہوں نے بھی اس وضاحتی اجلاس میں شرکت کی جبکہ قانون سازوں کی اکثریت کا تعلق اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔ اس بریفنگ میں کانگریس مین ایمی بیرا واحد ہندوستانی نژاد امریکی قانون ساز بھی موجود تھے۔ حکومت ہند نے یہ دعویٰ بھی کیا ہیکہ ریاست کے 99% علاقوں میں عوام کی حرکات و سکنات پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔
