سری نگر۔ وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکے سے درمیانی درجے کی بارشیں ہوئیں۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 17 مئی تک موسم ناساز رہنے کا ہی امکان ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی میں 11 سے 13 مئی تک موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ اس کے بعد 17 مئی تک کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ۔ دریں اثنا وادی میں منگل کی صبح سے ہی رک رک بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ہے اور مطلع دن بھر ابر آلود رہا۔ وادی میں ناساز موسمی حالات سے قدرے سردی محسوس کی گئی جس سے بچنے کیلئے دیہی علاقوں میں لوگوں کو موسم سرما میں استعمال کئے جانے والے روایتی لباس ‘پھیرن’ میں ملبوس دیکھا گیا جبکہ میدانی علاقوں میں بھی لوگوں نے قدرے گرم لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔