سرینگر 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع شوپیان میں سکیورٹی فورسیس کے ساتھ انکاؤنٹر میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والا جیش محمد کا ایک سرکردہ کمانڈر بھی شامل ہے جو گزشتہ ماہ ایک کار بم دھماکے میں 3 سکیورٹی جوانوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار تھا۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہاکہ منا لاہوری جو ایک پاکستانی شہری ہے، کشمیر میں سکیورٹی جوانوں کے علاوہ ایک سیویلین کی ہلاکت کا بھی ذمہ دار تھا۔ دوسرا عسکریت پسند جو لاہوری کا ساتھی بتایا گیا ہے، مقامی شخص ہے وہ اِس وادی میں عسکریت پسندوں کی بھرتی کیا کرتا تھا۔ وہ عصری دھماکو مواد اور آلات بنانے کا ماہر سمجھا جاتا تھا۔