نئی دہلی 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ وادی کشمیر میں اب کوئی پابندیاں نہیں ہیں اور ساری دنیا نے جموںو کشمیر کو خصوصی موقف دینے والے دفعہ 370 کو حذف کرنے کی حمایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموںو کشمیر آئندہ پانچ تا سات سال میں ملک کا سب سے ترقی یافتہ علاقہ بن جائیگا کیونکہ وزیراعظم نریندر مودی نے اس تعلق سے باحوصلہ فیصلے کئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے وادی میں تحدیدات کے تعلق سے غلط پروپگنڈہ کرنے پر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ کہاں ہیں تحدیدات ؟ ۔ یہ در اصل آپ کے ذہن میں ہیں۔ کوئی تحدیدات نہیں ہیں۔ صرف غلط اطلاعات ان تحدیدات کے تعلق سے پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے قومی سلامتی پر ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ وزْر داخلہ نے کہا کہ کشمیر میں 196 پولیس اسٹیشن ہیں اور ہر جگہ سے کرفیو برخواست کردیا گیا ہے جبکہ صرف آٹھ پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام نافذ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا نے کشمیر میں دفعہ 370 کو حذف کئے جانے کی حمایت کی ہے جس کے ذریعہ جموںو کشمیر کو خصوصی موقف حاصل تھا ۔