کشمیر میں کورونا گائیڈ پر عمل در آمد کے بیچ دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات شروع

   

سری نگر : کورونا گائیڈ لائنز پر من و عن عمل در آمد کے بیچ وادی کشمیر میں ہفتے کے روز دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات شروع ہوگئے ۔جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے منعقد ہونے والے دسویں جماعت کے ان سالانہ امتحانات میں حصہ لینے کے لئے قریب80 ہزار طلبا نے رجسٹریشن کی ہے ۔حکام نے امتحانات کے انعقاد کے لئے وادی بھر کے سرکاری و غیر سرکری اسکولوں میں 791 سینٹرس قائم کئے ہیں۔ایک عہدیدار کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر امتحانی سینٹروں میں سماجی دوری کو یقینی بنانے کے لئے سینٹروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے ۔یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے ہفتے کو مختلف امتحانی سینٹروں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ امتحانی سینٹروں میں کورونا پروٹوکال کو یقینی بنانے اور سردی کے پیش نظر طلبا کے لئے گرمی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔