اقوام متحدہ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر اٹھانے کی کوشش کی ، لیکن چین نے فی الحال اس سے پیچھا چھڑانا بہتر سمجھا۔مسٹر خان نے پیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہونے والے اہم اجلاس سے قبل مسٹر وانگ کے ساتھ ایک ملاقات میں پھر سے کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں پاکستان کے نظریات پیش کیے ۔ مسٹر وانگ نے اس مسئلے پر چین کی سفارتی پوزیشن کا اعادہ کرتے ہوئے اس مسئلے پر کنارہ کرلیا۔واضح رہے کہ ہندوستان نے مسٹر وانگ کے حالیہ دورہ اسلام آباد کے سلسلے میں جاری پاک چین مشترکہ بیان میں جموں و کشمیر کے ذکر پر ہندوستان نے منگل کے روز سخت اعتراض کیا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بیان میں پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذکر پر کہا ہے کہ ہندوستان خطے کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے لئے کسی بھی دوسرے ملک کے اقدام کی سختی سے مخالفت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا ، ‘‘ہم چینی وزیر خارجہ کے دورے کے بعد چین اور پاکستان کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں جموں و کشمیر کے ذکر کو مسترد کرتے ہیں۔ جموں وکشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے ۔ ’’ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سوئٹزرلینڈ کے جنیوا میں منگل کے روز ہونے والے اجلاس میں بھی ہندوستان اور پاکستان جموں و کشمیر کے سلسلے میں بھڑ سکتے ہیں۔ پاکستان ہندوستانی حکومت کے 5 اگست کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے اور ریاست کو دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کرنے کو مختلف بین الاقوامی سطح پر موضوع بنانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے ۔
