سری نگر: جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی شناخت کو بحال کرنے کا وقت آگیا ہے اور اس کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو یک جٹ ہوکر مرکز کو قائل کرنے کے لئے کوششیں کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی دفعہ 370 اور دفعہ 35 کی بحالی کے لئے کوششیں جاری رکھے گی۔موصوف نے یہ باتیں جمعرات کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم نے اپنی شناخت کھوئی ہے اس کی بحالی کے لئے ہمیں ہی کوششیں کرنی ہیں اگر ہم کسی دوسرے کے مدد کے انتظار میں رہیں گے تو یہ شاید غلط فہمی ہوگی’۔ان کا کہناتھا: ‘اپنی پارٹی ریاست کی شناخت کو واپس لانے کے لئے قائم ہوئی ہے ہم اب تک زمین اور نوکریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور ہم تیسرے چیز کو حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوں گے ۔ بخاری نے کہا کہ یہ ریاست کی شناخت کو بحال کرنے کا صحیح وقت ہے ہم سب سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ ہم مرکزی حکومت کو اس کے لئے قائل کرنے کے لئے یک جٹ ہوکر کوششیں کریں۔انہوں نے کہا: ‘خدا کرے عدالت عظمیٰ دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے بارے میں ایسا فیصلہ دے جو لوگوں کی امنگوں کے مطابق ہو’۔