دونوں ملکوں نے بے شمار مسائل کی یکسوئی کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ، اقوام متحدہ کی رپورٹ
جنیوا ۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انسانی حقوق کے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر نے پیر کو کہا کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی کشمیر کی صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام ہوگئے ہیں اور انہوں نے انسانی حقوق ادارہ کی رپورٹ میں پہلے اٹھائے گئے کئی تشویشناک مسائل کو حل کرنے کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر میں گذشتہ سال کشمیر پر اپنی سب سے پہلی رپورٹ جاری کی تھی جس میں ہندوستان اور پاکستان کی طرف سے کی جانے والی غلطیاں کو دستاویزی شکل میں پیش کیا تھا اور اس بات پر زور دیاگیا تھا کہ دیرینہ کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر نے اپنی نئی رپورٹ میں کہا ہیکہ ’’مئی 2018ء تا اپریل 2019ء کشمیر اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر کہا گیا ہیکہ 12 ماہ کی مدت میں کئی شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں جو غالباً زائد از ایک دہائی کے عرصہ میں سب سے زیادہ ہیں‘‘۔ انسانی حقوق کے دفتر نے مزید کہا کہ ’’نہ تو ہندوستان اور نہ ہی پاکستان میں ان بے شمار تشویشناک مسائل کی یکسوئی کیلئے کوئی قدم اٹھایا ہے‘‘۔ رپورٹ نے کہا کہ ’’کشمیر میں ہندوستانی سیکوریٹی فورسیس کے ارکان کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں کی جوابدہی کا عملاً کوئی وجود ہی نہیں ہے‘‘۔ تاہم نئی دہلی میں وزارت امورخارجہ نے کہا ہیکہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی یہ رپورٹ جموں و کشمیر کے بارے میں ماضی کی غلط اور محرکات پر مبنی واقعات کا ایک تسلسل ہے۔