کشمیر کے سابق چیف منسٹروں کی محروسی ختم کریں ، پی ڈی پی ایم پی کی اپیل

   

نئی دہلی ۔ 19 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر میں بی جے پی کی سابقہ حلیف پی ڈی پی نے آج مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو مکتوب لکھا اور اُن سے سیاسی قیدیوں کو آزاد کردینے کی اپیل کی جن میں تین سابق وزرائے اعلیٰ شامل ہیں۔ پی ڈی پی نے کہاکہ وادی کشمیر کے عوام خوف کے مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں جس کا سدباب کرنا ضروری ہے ۔ پی ڈی پی کے راجیہ سبھا ایم پی محمد فیاض میر نے اپنے مکتوب میں کہاکہ جموں وکشمیر مواصلات پر مسلسل پابندی کی وجہ سے بری طرح پریشان ہے اور اُس کے لوگوں کی عام زندگیاں متاثر ہوچکی ہیں۔ حکومت ہند کے اعلیٰ ترین حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام تک رسائی حاصل کریں اور اُن کے مسائل دور کریں۔ پی ڈی پی کے قانون ساز نے تمام سیاسی قائدین اور پارٹی ورکرس کے ساتھ ساتھ تین سابق چیف منسٹرس کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ فاروق عبداﷲ ، محبوبہ مفتی اور عمر عبداﷲ 5 اگسٹ سے محروس ہیں جب مرکز نے سابقہ ریاست جموں وکشمیر کے لئے آرٹیکل 370 کے تحت خصوصی درجہ کومنسوخ کرتے ہوئے اُسے دو مرکزی علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کردیا تھا ۔ فاروق عبداﷲ پر حکومت نے متنازعہ پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا اور 17 سپٹمبر کو اُنھیں اُن کی قیامگاہ کو ہی جیل قرار دیتے ہوئے محروس کردیا ۔ میر نے حالیہ جھگڑے کا ذکر بھی کیا جب محروس قائدین کو نئی ذیلی جیل منتقل کیا جارہا تھا ۔ اُن کے ساتھ بہت بُرا برتاؤ کیاگیا اور اُن کے لئے رہن سہن کا کافی ناقص انتظام کیا گیا ۔ وادی کشمیر میں جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کیلئے تمام قائدین کی رہائی شرط ہے۔