کشمیر کے سوپور میں سیکورٹی فورسز پر فائرنگ

,

   

2 سیکورٹی ملازمین شہید‘ 2 شہری بھی جاں بحق، حملہ آوروں کی شناخت کا دعویٰ
سری نگر: شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور کے مین چوک میں ہفتے کے روز نامعلوم اسلحہ براداروں نے سیکورٹی فورسز کی ایک ناکہ پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو سیکورٹی ملازمین شہید اور دو عام شہری جاں بحق ہوگئے جبکہ تین دیگر بشمول دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوگئے جن میں چار سیکورٹی فورسز اہلکار اور تین عام شہری شامل تھے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور سب ضلع اسپتال سوپور پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے دو سیکورٹی اہلکاروں اور دو عام شہریوں کو مردہ قرار دیا۔ جاں بحق عام شہریوں کی شناخت منظور احمد شالہ ساکن شالیمار کالونی سوپور اور بشیر احمد ساکن مہرہ پورہ سوپور کی حیثیت سے ہوئی ہے ۔اسی دوران جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں ‘لشکر طیبہ’ کا ایک گروپ ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے لیکن بعض وجوہات کی بنا پر ان کے نام کا افشاء نہیں کیا جاسکتا ۔ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ایسے واقعات میں ملوث افراد کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے’۔