کشمیر کے صحافی مزمل جلیل کی والدہ کا انتقال

   

سری نگر ۔ وادی کشمیر کے ممتاز صحافی اور قومی انگریزی روز نامہ ‘انڈین ایکسپریس کے ڈپٹی ایڈیٹر مزمل جلیل کی والدہ محمودہ فاضلی مختصر علالت کے بعد ہفتے کی صبح انتقال کر گئیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق موصوفہ نے یہاں شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں ہفتہ کی علی الصبح داعی اجل کو لبیک کہا۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ کو شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گامرو گاؤں میں واقع اپنے آبائی مقبرے میں سپرد خاک کیا گیا جہاں بالخصوص صحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثنا جموں وکشمیر کی مختلف سماجی و سیاسی جماعتوں نے مزمل جلیل کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مزمل جلیل کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ مزمل جلیل کی والدہ کے انتقال کی خبر سن کر بہت صدمہ ہوا۔ انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا: ‘میں مزمل جلیل اور دیگر پسمانگان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دست بدعا ہوں۔