کشمیر کے مسئلہ پر پنڈت نہرو کو نشانہ بنانے پر تنقید

   

Ferty9 Clinic

ملک کی ترقی سے متعلق مودی کے دعوے کھوکھلے، ملوروی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے نائب صدر ڈاکٹر ملوروی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کشمیر کے مسئلہ پر کانگریس اور پنڈت نہرو کو نشانہ بناتے ہوئے عوام کو اُلجھن کا شکار کررہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ملوروی نے کہا کہ بی جے پی کا مقصد دراصل کانگریس کو دوبارہ برسراقتدار آنے سے روکنا ہے لیکن عوام کے دلوں سے کانگریس کو کبھی بھی علحدہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انگریزوں کے قبضہ سے ملک کو آزاد کرایا اور اس حقیقت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا کہ کانگریس نے جدوجہد آزادی کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور صنعتی شعبہ کی ترقی کا سہرا کانگریس پارٹی کے سر جاتا ہے۔ ملو روی نے کہا کہ مودی اور بی جے پی پنڈت نہرو کے خلاف بے بنیاد مہم چلارہی ہے۔ ملک کی آزادی کیلئے پنڈت جواہر لعل نہرو 10 سال تک جیل میں رہے۔ کشمیر کی دفعہ 370 کی برخاستگی کو غیر دستوری قرار دیتے ہوئے ملوروی نے کہا کہ جموں کشمیر کی علحدہ حیثیت ہے۔ 370 کے تحت دی گئی مراعات کے ذریعہ کشمیر کو ہندوستان کا حصہ باقی رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 370 کے تحت مراعات عارضی نوعیت کی تھیں لہذا بی جے پی حکومت کو انہیں منسوخ کرنے کا موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کانگریس کی قربانیوں اور عوامی خدمات سے بخوبی واقف ہیں۔ ملوروی نے ملک کی ترقی کے بارے میں نریندر مودی کے دعوؤں کو مسترد کردیا اور سوال کیا کہ کیا گزشتہ 70 برسوں میں ملک نے کوئی ترقی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک میں تمام طبقات کی ترقی کیلئے کام کیا ہے۔ پنڈت جواہر لعل نہرو نے کشمیر کو ہندوستان کے ساتھ جوڑے رکھنے میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں بی جے پی قائدین کا کوئی رول نہیں ہے۔ عوام کی آزادی کو سلب کرتے ہوئے بی جے پی ترقی کے لاکھ دعوے کرلے اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ بی جے پی کا اقتدار ڈکٹیٹر شپ کی طرح ہے۔ نریندر مودی حکومت نے عوام کی آزادی اور اختیارات کو سلب کردیا ہے۔ ملو روی نے کہا کہ کانگریس پارٹی سونیا گاندھی کی قیادت میں دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔