گاؤں میں غم کا ماحول ، کے ٹی آر نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) جموں و کشمیر کے کشٹوار میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک ہندوستانی فوجی جوان کا تعلق سرسلہ ضلع سے ہے ۔ جمعرات کو جنگلاتی علاقہ میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوگیا تھا جس میں 29 سالہ انیل کی موت ہوگئی جس کا تعلق سرسلہ بوئن پلی منڈل کے ملکاپور گاؤں سے ہے۔ گھر والوں نے بتایا کہ انیل گزشتہ 10 برسوں سے فوج میں ٹکنیشن تھے۔ حال میں وہ 45 دن کی چھٹی پر آئے تھے اور 10 دن پہلے دوبارہ ڈیوٹی جوائن کی۔ انیل کے بھائی سرینواس نے بتایا کہ فوجی عہدیداروں نے فون پر ہیلی کاپٹر حادثہ میں بھائی کی زخمی ہونے کی اطلاع دی ، بعد میں موت کی تصدیق کی گئی ۔ انیل کی موت پر گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ انیل کی اہلیہ سوجنیا اور دو بیٹے ایان اور آرو مجسمہ غم دیکھے گئے۔ اسی دوران وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے فوجی جوان کی پی انیل کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ حادثہ میں فوجی کی موت افسوسناک ہے۔ انہوں نے افراد خاندان کو حکومت سے ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔ انیل نے 2011 ء میں فوج کے ٹکنیکل ونگ سے وابستگی اختیار کی۔ وہ خاندانی تقاریب اور فرزند کی سالگرہ میں شرکت کے بعد دو ہفتے قبل ہی واپس ہوئے تھے۔ ملکا پور میں عوام کی کثیر تعداد نے افراد خاندان کو پرسہ دیا ۔ چپادنڈی رکن اسمبلی ایس روی شنکر نے انیل کے پسماندگان سے ملاقات کی اور حکومت سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ر