کشمیر، پاکستان کیلئے شہہ رگکے مترادف : عمران خان

,

   

ہندوستانی نیوکلیئر اسلحہ کے ذخیرہ پر عالمی برادری کی نگرانی پر زور، یوم دفاع پر عمران خان کا خطاب
اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور اس کے خصوصی موقف کرنے ہندوستان کے فیصلے سے اس ملک (پاکستان) کی یکجہتی و سلامتی کیلئے چیلنج پیدا ہوگئے ہیں۔ پاکستانی یوم دفاع و شہداء کے موقع پر وزیراعظم خاں نے اپنے پیام میں کہا کہ ان کی حکومت دنیا بھر کے تمام ممالک کے صدر مقامات کے علاوہ اقوام متحدہ میں ایک سرگرم مہم شروع کی ہے تاکہ 5 اگست کو حکومت ہند کی طرف سے جموں و کشمیر کا خصوصی موقف کالعدم کئے جانے کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے عالمی برادری کو واقف کروایا جاسکے۔ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ 1965ء کی جنگ کی سالانہ یاد کو یوم شہداء و دفاع کے طور پر مناتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ’’پاکستان کیلئے کشمیر دراصل شہ رگ کے مترادف ہے۔ اس کے موقف میں تبدیلی سے پاکستان کی یکجہتی و سلامتی کیلئے چیلنجس پیدا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ساری بین الاقوامی برادری سے یہ درخواست بھی کرتا ہوں کہ ہندوستان کے نیوکلیئر اسلحہ کے ذخیرہ کے تحفظ و سلامتی پر بھی نظر رکھی جائے… کیونکہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کے اثرات نہ صرف جنوبی ایشیائی علاقہ پر بلکہ ساری دنیا پر مرتب ہوسکتے ہیں‘‘۔ پاکستانی وزیراعطم نے کہا کہ عالمی برادری اگر ہندوستانی نیوکلیئر اسلحہ کے ذخیرہ پر توجہ مرکوز کرنے میں ناکام ہوجاتی ہے تو ’’مابعد کے قیامت خیز نتائج‘‘ کی ذمہ دار ہوگی۔