کشمیری شہدا کو خراج عقیدت ، 4 اپریل کوکنونشن

   

نئی دہلی: ملک عزیز کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور کشمیر کی بہتر شبیہ کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے گلوبل اسٹریٹجک پالیسی فاونڈیشن، پونے آئندہ 4 اپریل کوسری نگر کے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں ایک پروگرام منعقد کرنے جارہا ہے ۔ یہ اطلاع فاونڈیشن کے چیرمین ڈاکٹر آنند بھاگوت نے دی ہے ۔ ڈاکٹرآنند بھاگوت نے بتایا کہ کشمیر سرزمین ہند پر جنت بے نظیر ہے اور جو پہاڑیوں سے گھرا ہوا ہے اور اپنی بے حد خوبصورتی، دلکشی اور جاذب نظر کے لئے مشہور ہے ۔ پھولوں کی وادیاں، ڈل جھیل اس کی خوبصورتی کو چار چاندلگاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اصل خوبصورتی یہاں کے ثقافتی ورثہ اور کشمیریوں کا استقبال کرنا ہے اور جو کشمیریت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کشمیر کے بارے پھیلی غلط فہمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام کامقصد کشمیر کے بارے میں لوگوں میں موجود غلط فہمی کو دور کرنا ہے ۔ کشمیر کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ کا سدباب کرنا ہے جس کی وجہ سے کشمیرکے بارے میں ملک میں شبیہ خراب ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ اس پروگرام کے ذریعہ کشمیر کی سیاحت کو فروغ دینا اورکشمیر کی جانب سے سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنا اور اس میں اضافہ کرنا ہے جس سے سوشیو اکنامک کو ڈیولپ کیا جاسکے ۔