کشمیری شہریوں کو پولیس عہدیدار کی زدوکوب کی مذمت

   

پولیس کے رویہ کی میں تائید نہیں کرسکتا ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ کا بیان
سری نگر۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ ‘میں وسطی ضلع بڈگام کے نصراللہ پورہ علاقے میں ایک ڈی ایس پی کے زخمی ہونے کے بعد پولیس کی طرف سے کی گئی توڑ پھوڑ کی تائید نہیں کرتا ہوں’۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے واقعات رونما نہیں ہونے چاہئے اور آئندہ احتیاط سے کام لیا جانا چاہئے ۔بتادیں کہ نصر اللہ پورہ بڈگام میں گذشتہ ہفتے پولیس اور لوگوں کے درمیان ہوئی جھڑپ کے دوران ایک ڈی ایس پی زخمی ہوئے تھے ۔ لوگوں کا الزام تھا کہ موصوف ڈی ایس پی مسجد میں جوتا پہنے ہی داخل ہوئے تھے جس پر لوگ آگ بگولہ ہوئے تھے اور طرفین کے درمیان ہوئی جھڑپ میں ڈی ایس پی شدید زخمی ہوئے تھے ۔بعد ازاں پولیس نے دوران شب گاؤں میں گھس کر مکانوں، دکانوں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ کی تھی جس کی سوشل میڈیا پر مختصر ویڈیوز بھی وائرل ہوئی ہیں۔ لوگوں نے پولیس پر مکینوں کو زد وکوب کرنے کا بھی الزام عائد کیا ہے ۔موصوف پولیس سربراہ نے ایک انٹرویو میں نصراللہ پورہ بڈگام میں پیش آئے اس واقعے کے بارے میں کہا: ‘یہ بات میری نوٹس میں آئی ہے اور میں نے بتایا کہ اس قسم کے واقعات نہیں ہونے چاہئے اور ہمیں غصے سے کام نہیں لینا چاہئے ‘۔انہوں نے کہا کہ میں پولیس کی طرف سے کی گئی توڑ پھوڑ کی تائید نہیں کرتا ہوں ایسا نہیں ہونا چاہئے اور آئندہ احتیاط کیا جانا چاہئے ۔یہ پوچھے جانے پر کہ اس گاؤں کے لوگ گھر واپس جانے میں ڈر محسوس کررہے ہیں، کے جواب میں موصوف پولیس سربراہ نے کہا: ‘جو لوگ بے گناہ ہیں وہ گھروں میں بیٹھ سکتے ہیں لیکن جو گنہگار ہیں وہ گھروں میں بیٹھے یا باہر ان کو ضرور پکڑ لیا جائے گا’۔