ٹورنٹو : کینیڈا کی نومنتخب پاکستانی نژاد رکنِ پارلیمنٹ اور سابق پارلیمانی سیکریٹری اقرا خالد نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کے تحت حقِ خود ارادیت ملنا چاہیے اور کینیڈا کا بھی یہی مؤقف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان دونوں کو اپنے عوام کی بہتری کے لئے مذاکرات کے ذریعہ اپنے مسائل حل کرنے چاہئیں۔ ٹورنٹو میں نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے اقرا خالد نے کہا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں ہے۔ کینیڈا نے دْنیا میں ہمیشہ قیامِ امن کے لئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کو امن کی بات کرنی چاہیے۔ ایک دوسرے پر بد اعتمادی ہی تنازعات کا باعث بنتی ہے۔