کشمیری قائدین کو گینگ قرار دینا افسوسناک :سیف الدین سوز

,

   

Ferty9 Clinic

سرینگر: کانگریس لیڈر سیف الدین سوز نے وزیرداخلہ امیت شاہ کی جانب سے جموں کشمیر کی اصل دھارے کی سیاسی پارٹیوں کے اتحاد کو گینگ قرار دینے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ کا یہ ریمارک ہندوستان اور جمہوریت پر داغ ہے۔ امیت شاہ نے غلط طریقہ سے اپنی رائے ظاہر کی ہے۔ امیت شاہ نے کل ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جموں کشمیر ہمیشہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ رہے گا۔ انہوں نے مرکزی زیرانتظام علاقہ کشمیر کی سیاسی پارٹیوں کے اتحاد کو ’’گپکار گینگ‘‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ اتحاد ناپاک عالمی گٹھ بندھن ہے جو ملک کے قومی مفادات کے مغائر ہے۔ اپنی سلسلہ وار ٹوئیٹ میں انہوں نے کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے بھی سوال کئے تھے کہ آیا وہ گپکار اعلامیہ کیلئے عوام کے اتحاد کی تائید کریں گے۔ کشمیری قائدین کا یہ اتحاد علاقائی اور قومی سیاسی پارٹیوں پر مشتمل ہے۔ اس اتحاد کو آرٹیکل 370 کی بحالی پر زور دینے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ آرٹیکل 370 کو گذشتہ سال برخاست کردیا گیا تھا۔ ایک بیان میں سیف سوزالدین نے کہا کہ یہ بڑی بدبختی کی بات ہیکہ وزیرداخلہ امیت شاہ نے بہت ہی نیچے درجہ کی رائے ظاہر کی ہے۔ کشمیر کے اصل دھارے کے قائدین کو گینگ قرار دیا ہے۔ مرکز کی موجودہ حکمراں جماعت نے ہندوستان میں حکمرانی کے نظام کو شدید دھکا پہنچایا ہے۔ بی جے پی خود کو ہندوستان کی محافظ سمجھتی ہے لیکن اس نے ہندوستانی جمہوریت کے نظام کو ہی درہم برہم کردیا۔ حیرت کی بات یہ ہیکہ کشمیر کی اصل دھارے کی پارٹیوں نیشنل کانفرنس ، آئی این سی ، پی ڈی پی، ای سی ، این سی اور دیگر کی سرگرمیوں نے وزیرداخلہ اور دیگر کو مضطرب اور بے چین کردیا ہے۔