کشمیری مائیں اپنے بچوں کو عسکریت پسندی سے روکیں: فوج

   

سری نگر۔9مارچ(سیاست ڈاٹ کام) سری نگر میں قائم فوج کی 15 ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے کشمیری ماؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو عسکریت پسندی کی طرف جانے سے روکیں۔ انہوں نے ہتھیار اٹھا چکے مقامی نوجوانوں کی ماؤں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں سے ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونے کے لئے کہیں۔لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں ہفتہ کے روز یہاں جموں وکشمیر لائٹ انفینٹری رجمنٹل سنٹر میں منعقدہ پاوسنگ آؤٹ پریڈ اور تقریب حلف برداری سے خطاب کررہے تھے ۔ان کا کہنا تھا: ‘میں پریڈ سے تھوڑا ہٹ کر ایک بار پھر کشمیری ماؤں سے دردمندانہ اپیل کرنا چاہتا ہوں۔ کشمیری سماج میں مائیں ایک کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہیں ایک اونچا مقام حاصل ہے ۔ میں ذاتی طور پر کشمیر کی تمام ماؤں سے گذارش کرتا ہوں کہ براہ مہربانی اپنے بچوں کو عسکریت پسندی کی طرف جانے سے روکیں۔ جو بھٹک گیا ہے اس کو واپس لائیں۔