کشمیریوں کیخلاف تشدد، راہول کا پرزور اظہار مذمت

   

نئی دہلی 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کشمیریوں کے خلاف تشدد کی مذمت کی اور کہاکہ ہندوستان ملک کے ہر گوشے سے تعلق رکھنے والے اپنے شہریوں کا وطن ہے۔ اُنھوں نے یہ ردعمل اُس وقت ظاہر کیا جب چہارشنبہ کو لکھنؤ میں زعفرانی لباس میں ملبوس افراد کے گروپ نے خشک میوے بیچنے والے دو کشمیری تاجروں کی بے تحاشہ پٹائی کردی۔ اِس واقعہ کا ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے کانگریس سربراہ نے کہاکہ مجھے یوپی میں کشمیری تاجروں کو حملے کا نشانہ بنانے کے اِس ویڈیو پر بہت غصہ ہے، میں اُن بہادر کشمیریوں کو سلام کرتا ہوں جنھوں نے حملہ آوروں کا سامنا کیا۔ ہندوستان اپنے تمام شہریوں کا ہے چاہے وہ ہماری قوم کے کسی بھی گوشے سے تعلق رکھیں۔ میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے خلاف تشدد کی تمام حرکتوں کی مذمت کرتا ہوں۔ چہارشنبہ کے واقعہ کے سلسلہ میں 4 افراد گرفتار کئے گئے۔ سلسلہ وار واقعات میں یہ اپنی نوعیت کا تازہ معاملہ ہے جس میں کشمیریوں کو ملک میں مختلف حصوں میں نشانہ بنایا گیا جسے پلوامہ دہشت گرد حملے کے پس منظر میں دیکھا جارہا ہے جہاں 40 سی آر پی ایف جوان ہلاک ہوئے۔