کشمیریوںکو بھٹکنے سے روکنے میں ویمن پولیس کا اہم رول

,

   

ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال عوام کو سمجھانا پولیس کا بھی کام ، آئی پی ایس پروبشنرس سے وزیراعظم مودی کا خطاب

سردار پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی حیدرآباد
میں ایونٹ کا انعقاد

نئی دہلی ؍ حیدرآباد : وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ جموں و کشمیر میں ویمن پولیس پرسونل بچوں کی ماؤں کے ساتھ کام کرتے ہوئے نوجوانوں کو ’’غلط راہ‘‘ اختیار کرنے سے روک سکتے ہیں۔ اُنھوں نے مرکزی زیرانتظام علاقہ کے لوگوں کی خوب ستائش کی اور کہاکہ وہ دہشت گردی کی لعنت سے پریشان ہیں۔ مودی سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی حیدرآباد میں بھی آئی پی ایس پروبشنرس کے 2018 ء بیاچ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے پروبشنرس کو متنبہ کیاکہ کسی بھی غلط کام میں پڑنے سے گریزاں رہیں اور کہاکہ عصری ٹیکنالوجیز اُنھیں غلط کام میں ملوث ہونے پر پریشانی میں ڈال سکتی ہے۔ نئی نئی ٹیکنالوجی آج کل پولیس کے بہتر سے بہتر کام میں معاون ہورہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس عہدیداروں کی بھی سوسائٹی میں یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کو ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہ کریں اور بتائیں کہ اِس کا مثبت اور اچھا کام کس طرح ہوسکتا ہے اور اس کے برخلاف وہی ٹیکنالوجی اُن کے لئے وبال بن سکتی ہے۔ ایک خاتون پروبشنر کے سوال کے جواب میں مودی نے کشمیر کے عوام کی تعریف میں کہاکہ وہ بہت اچھے لوگ ہیں اور نئی چیزیں سیکھنے کی خاص صلاحیت کے حامل ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض بچے اور نوجوان غلط راہ بھی اختیار کرجاتے ہیں جس کی وجہ سے پوری فیملی اور برادری بھی متاثر ہوجاتی ہے۔ وہ ظاہر طور پر اُن نوجوانوں کا حوالہ دے رہے تھے جنھیں جموں و کشمیر میں دہشت گرد گروپ اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں۔ وزیراعظم نے مؤثر پولسنگ کے لئے انٹلی جنس کے بہترین استعمال پر بھی زور دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ سی سی ٹی وی فٹیج، موبائیل ٹراکنگ جیسی ٹیکنالوجی بہت مفید ثابت ہورہی ہے۔