حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین کا اجلاس بتاریخ 29 فروری زیر سر پرستی مولانا سید نبی حسن زیدی قبلہ و زیر صدارت مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا ، شیعہ مجلس علماء و ذاکرین کے دفتر شریعت کدہ نور خان بازار حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ جس میں مجلس علماء و ذاکرین کے تقریبا چالیس اراکین نے شرکت کیا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے مولاناسید حنان رضوی نے کیا اس کے بعد نائب صدر مجلس علماء و ذاکرین مولانا رضا عباس قبلہ نے مجلس کے مقاصد پر سیر حاصل گفتگو کیا سب سے پہلے مولانا موصوف نے تمام علماء اور مومنین کی خدمت میں ماہ رجب کی تمام عیدوں کی مبارکباد پیش کیا اس کے بعد کہا کہ ان ایام میں علماء و ذاکرین کی ذمہ داریاں اور بڑھ جاتی ہیں۔ ہمارا کام عوام کی خدمت اور نوجوانوں کی تربیت کرنا ہے جو مجلس کے تمام اراکین حتی المقدور کررہے ہیں۔ آج کی اس بزم میں شامل کوئی ایسا نہیں ہے جو خدمت نہیں کر رہا ہے۔ سبھی خدمت کر رہے ہیں البتہ ہم کسی کام کوانجام دے کر شور و غوغہ نہیں کرتے ہیں۔ ہم بچوں کے لئے دینی خدمات بھی کر رہے ہیں اور دنیاوی تعلیم کے حصول میں بھی قوم کی خدمت کرتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہماری قوم کا ہر بچہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کے زیور سے بھی آراستہ ہو۔ تاکہ اس کی دنیا کے ساتھ آخرت بھی سنور سکے۔ مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آغا نے اپنے بیان میں واضح طور پر یہ کہا کہ خدا غریق رحمت کرے والد مرحوم مولانا رضا آقا اور مولانا باقر آقا کو جنہوں نے آپسی مشورہ کر کے تمام علماء و ذاکرین کے لئے ایک پلیٹ فارم تیار کیا جہاں سے عوام کو پیغام دیا جاتا تھا اور آج بھی ان کی خدمت کی جا رہی ہے اور آئندہ بھی یہ کام جاری و ساری رہے گا۔ مجلس نے گذشتہ تین سالوں میں جو اہم کام کئے ہیں ان میں سب سے پہلے شہر حیدرآباد، کیسرا کے عاشور خانہ حضرت قاسم علیہ السلام کی دوبارہ تعمیر ہے جسے روڈوائٹنگ میں مسمار کر دیا گیا تھا۔ اسے راتوں رات تعمیر کروایا گیا۔دوسرے یہ کہ محرم الحرام میں وقف بورڈ کی جانب ملنے والی 10 لاکھ کی رقم کو 20 لاکھ میں تبدیل کروایا جسے 132 عاشور خانوں سبیلوں اور انجمنوں میں تقسیم کیا گیا۔ الکوثر ٹرسٹ کی جانب سے نو تعمیربارگاہ حضرت ابا الفضل العباس علیہ السلام المعروف بڑی بارگاہ کا تعمیری کام جو ایک عرصے سے رکا ہواتھا اسے یہاں تک پہنچایا گیا کہ انشاء اللہ 4 شعبان تک بارگاہ کا کام مکمل ہو جائے گا ۔ پچھلے سال سب نے دیکھا کہ ” جاب میلہ” کے بہانے قوم کے 77 بچوں کو اچھی کمپنیوں کو مدعو کرکے نوکری دلائی گئی۔ اسی طرح موبائل رپئرنگ کلاسس رکھ کر 460 بچوں کو موبائل بنانا سکھایا آج وہ بچے ماشاء اللہ سے خود کفیل ہیں۔ 110 الیکٹریشینس تیار کروایا تاکہ طلباء اپنے شوق سے کام سیکھیں اور خود کفیل بنیں۔ سی سی کیمرہ لگانے کے لئے 70 بچوں کا ایک گروپ تیار ہوا جو فی الحال اپنی روزی روٹی میں لگے ہوئے ہیں۔ سلائی مشین منگواکر 40 عورتوں کو سلائی سکھایا گیا تاکہ وہ بھی دو پیسے کما سکیں۔ اختتام جلسہ سے قبل رسمی طور پر دو اراکین کے استفیٰ دینے کا اعلان کیا گیا اور ان کی جگہ پر بحیثیت جنرل سکریٹری ذاکر اہلبیت مولانا خورشید حسن اور بحیثیت سکریٹری مولانا سید حنان رضوی کا رسمی طور پر اعلان کر کے انہیں مبارکباد دی گئی اور سرپرست اعلیٰ اور صدر مجلس کے ہاتھوں گل پوشی کی گئی۔ اس کے بعد سرپرست اعلیٰ مولانا سید نبی حسن زیدی قبلہ نے عوام کی فلاح بہود کے لئے کئے گئے تمام کاموں کی تعریف کی اور علماء و ذاکرین کے ساتھ عوام کے حق میں دعائیں کی ۔اور نیک تمناؤں کی امید کی مولانا نے تمام علماء و ذاکرین جنہوں نے قوم کی خدمت کیا اور دار فنا سے دار بقا کی طرف چلے گئے ان کے لئے اور تمام مرحومین از آدم تا ایں دم کے لئے فاتحہ خوانی کرائی۔