عوام کی صحت اور سلامتی کے پیش نظر نمائش سوسائٹی کا فیصلہ ، جوائنٹ سکریٹری کے جانکی رام کا بیان
حیدرآباد : کورونا وائرس وباء کے باعث 81 ویں کل ہند صنعتی نمائش کو مؤخر کردینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ نمائش مؤخر کی گئی ہے منسوخ نہیں کی گئی۔ نمائش سوسائٹی نے کہاکہ کئی دوکانداروں نے نمائش کے انعقاد کے لئے زور دیا ہے تاہم سوسائٹی کی جانب سے نمائش منعقد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایک بیان میں نمائش سوسائٹی کے جوائنٹ سکریٹری کے جانکی رام نے کہاکہ عوام کی صحت اور سلامتی کو ذہن میں رکھتے ہوئے سوسائٹی نے یکم جنوری 2021 ء سے منعقد ہونے والی نمائش کو مؤخر کیا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سوسائٹی نے نمائش دیکھنے کے لئے آنے والے عوام کا خیال کرتے ہوئے احتیاطی طور پر فی الحال اِسے روک دیا ہے۔ ہر سال نمائش یکم جنوری کو شروع ہوکر 15 فروری تک جاری رہتی ہے۔ اِس نمائش کی آمدنی سے 20 تعلیمی اور چیرٹیبل ادارے چلائے جاتے ہیں۔ یہ نمائش چھوٹے تاجروں اور خاتون صنعتکاروں کے روزگار کا ذریعہ ہے۔ حکومت کو بھی جی ایس ٹی سے آمدنی ہوتی ہے۔ ہر سال نمائش دیکھنے کے لئے ریاست کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں اور بیرونی ممالک سے بھی لوگ آتے ہیں۔ کئی افراد کے لئے یہ نمائش تفریح طبع کا سامان فراہم کرتی ہے۔ عموماً 20 لاکھ افراد نمائش کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے نمائش سوسائٹی نمائش 2021 ء کے انعقاد کے لئے کسی مناسب وقت پر فیصلہ کرے گی۔
