سشماسوراج کے اچانک انتقال پر طئے شدہ وقت پر ملاقات سے محرومی کااحساس
حیدرآباد۔7اگسٹ(سیاست نیوز) انسان خواہ کتنی ہی منصوبہ بندی کرلے لیکن خدا جو چاہتا ہے ہوتا وہی ہے ۔اللہ کی مرضی کے بغیر کچھ نہیں ہوتا اس کی ایک مثال آج اس وقت سامنے آئی جب کلبھوشن جادھو کا انٹرنیشنل کور ٹ آف جسٹس میں مقدمہ لڑنے والے ہندستان کے مایہ ناز وکیل ہریش سالوے نے بتایا کہ وہ آج صبح سابق وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کرتے ہوئے کلبھوشن جادھو مقدمہ کی فیس ایک روپیہ حاصل کرنے والے تھے۔ ہریش سالوے نے سشما سوراج کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سابق وزیر خارجہ کی موت سے دو گھنٹے قبل ان سے بات کی تھی اور فون پر بات چیت کے دوران یہ طئے پایا تھا کہ 7اگسٹ کو صبح سشما سوراج کے مکان پر ان کی ملاقات ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ فون پر بات چیت کے دوران سشما سوراج نے انہیں کہا کہ وہ ان سے صبح گھر پر ملاقات کریں تاکہ ان کی جانب سے کلبھوشن جادھو کے مقدمہ کی فیس ’’ ایک روپیہ‘‘ انہیں دے سکیں۔ ہریش سالوے نے کہا کہ یہ وقت ان کے لئے گہرے دکھ کا ہے کیونکہ سابق وزیر خارجہ سے ان کی گہری رفاقت تھی اور وہ قومی مسائل کے تئیں انتہائی سنجیدہ تھیں۔ سالوے نے بتایا کہ جس وقت سشما سوراج سے ان کی بات ہوئی تھی وہ بے انتہاء خوش تھیں۔ انہو ںنے استفسار کیا کہ مقدمہ میں کامیابی کے بعد واپسی پر انہوں نے اب تک ان سے کیوں ملاقات نہیں کی ! جس پر ہریش سالوے نے ان سے کہا کہ وہ جلد ملاقات کریں گے جس پر سشما سوراج نے ان سے کہا کہ وہ جلد ملاقات کریں کیونکہ انہیں کلبھوشن جادھو کے مقدمہ کی فیس بھی ادا کرنی ہے ۔ سشما نے ان سے شکایت والے انداز میں کہا کہ تم نے کہیں اس بات کی شکایت کی ہے کہ آپ کی فیس جو ایک روپیہ تھی وہ بھی ابھی تک ملی نہیں جس پر ہریش سالوے نے کہا کہ وہ چہارشنبہ کی صبح ان سے ملاقات کریں گے۔ہریش سالوے نے انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں کلبھوشن جادھو کے مقدمہ کی پیروی کرتے ہوئے ان سے ہندستانی قونصل خانہ کے عہدیداروں کی ملاقات کو یقینی بنانے کے علاوہ سزائے موت کو کالعدم قرار دلوایا تھا ۔ کلبھوشن کے مقدمہ میں ہندستان کو بڑی کامیابی کے حصول کے بعد کلبھوشن کے افراد خاندان نے سشما سوراج سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے اظہار تشکر کیا تھا کیونکہ سشما سوراج نے بحیثیت وزیر خارجہ اس معاملہ میں شخصی دلچسپی لیتے ہوئے مقدمہ ہریش سالوے کے حوالہ کیا تھا۔